

دور اک سرمئی پہاڑی کے
نیلگوں اور کثیف آنچل میں
اپنی دن بھر کی حسرتیں لے کر
میرے اس بے قرار جیون کا
خون چہرے پہ مل کے حسرت سے
اپنی خونی شفق میں تر ہو کر
ابر خونی کفن کا کاندھے پر
لے کے غربت زدہ جنازہ سا
ناامیدی کی راکھ ماتھے پر
کتنی تازہ ترین قبروں کی
یاد کو دفن کر کے سینے میں
کتنے ہاتھوں کی سرخیاں یونہی
ذہن کے مضطرب سلاسل میں
قید کر کے بڑی خموشی سے
آج سورج نے منہ چھپایا ہے
دور اک سرمئی پہاڑی کے
نیلگوں اور کثیف آنچل میں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار