

آ بھی جاؤ میرے جانِ جاناں راہ تکتے نظر تھک چکی ہے
جاں بلب ہیں یہ جذبے دلوں کے اب تو روحِ بشر تھک چکی ہے
رات کی ظلمتیں بڑھ رہی ہیں اب ستاروں کی ضو تھک چکی ہے
تیز طوفان سے لڑتے لڑتے اب چراغوں کی لو تھک چکی ہے
انتظارِ سحر میں تڑپتے آرزوئے سحر تھک چکی ہے
جستجو میں تیری جلتا سورج کرتے کرتے سفر تھک چکا ہے
دھوپ کو ہجر میں تپ چڑھا ہے ضو کا جلتا جگر تھک چکا ہے
چاند بھی زرد ہے اب تھکن سے چاندنی ریت پَر تھک چکی ہے
سالہا سال سے یہ بہاریں یوں سجاتے چمن تھک چکی ہیں
تیری امید میں مُسکراتے نرگس و یاسمن تھک چکی ہیں
بادِ سحری کے بوجھل ہیں پاؤں ڈھونڈتے در بدر تھک چکی ہے
نوکِ مژگانِ سبزہ پہ کب سے اشکِ شبنم پڑے تھک چکے ہیں
اوس کے سرد موتی گلوں کی جھومروں میں جُڑے تھک چکے ہیں
جانِ ننھے مسیحانِ گلشن کلیوں کی دار پَر تھک چکی ہے
اس قدر دیر کر دی ہے تو نے لب پہ چلتی دعا تھک چکی ہے
نا امیدی دلوں پہ ہے قابض موجِ حسرت بپا تھک چکی ہے
اب تو آ جا اے جعفرؐ کے مالکؐ ہجر میں چشمِ تر تھک چکی ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار