

میری ہستی گھری ہے درد و غم میں
میں اس سے بھاگ جانا چاہتا ہوں
میری تصویر میں ہیں درد اتنے
اسے میں اب مٹانا چاہتا ہوں
میری پہچان میں ہے دردِ پیہم
میں اب خود کو بھلانا چاہتا ہوں
یہ شمعِ زیست تاریکی فشاں ہے
اسے میں خود بجھانا چاہتا ہوں
گرا چاہتا ہے یہ بوسیدہ مندر
پہ چھوٹا سا بہانہ چاہتا ہوں
زمانے بھر کے دکھ اب تک سنے ہیں
اب اپنے دکھ سنانا چاہتا ہوں
بہت روکے ہیں ان آنکھوں نے آنسو
انہیں کھل کر بہانا چاہتا ہوں
میں اپنی بے کسی کا اب تماشا
زمانے کو دکھانا چاہتا ہوں
کہاں ہو موت کی دیوی بتا دے
تیری باہوں میں آنا چاہتا ہوں
بجھا کر ساری امیدوں کی شمعیں
میں اپنا من سلانا چاہتا ہوں
جو ہنستا ہے مجھے مجبور پا کر
میں نام اس کا بتانا چاہتا ہوں
یہ میرے ظرف کی وسعت ہے جعفرؐ
اسے پھر بھی چھپانا چاہتا ہوں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار