

تیرے بنا جو اک دن بیتا وہ کتنا ویران لگا
پھولوں بھرا آنگن تھا میرا جانے کیوں سنسان لگا
روٹھنے والا ایک ذرا سی بات پہ ایسا روٹھ گیا
راہ چلتے جب سامنے آیا صدیوں سے انجان لگا
روز حساب جہاں کو دیتے اپنا جیون بیت گیا
روزِ حساب حساب دیا تو مجھ کو بڑا آسان لگا
جیون کی یہ کڑوی کسیلی راتیں ایسی دوبھر تھیں
چارہ گروں نے زہر دیا تو اسکا بڑا احسان لگا
پل دو پل کا ہے یہ جیون پل دو پل ہی رہنا ہے
ہر گھر میں جب جھانک کے دیکھا صدیوں کا سامان لگا
اپنی ذات کو اس دنیا میں ایسا بکھرا دیکھا ہے
غیر کا جب نقصان ہوا تو مجھ کو میرا نقصان لگا
پیار محبت عشق عقیدت جعفرؐ من کا سودا ہے
پوجا اسی کی دین و دھرم ہے جو جس کو بھگوان لگا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار