

سو رہا ہوں درونِ خانۂ ذات
کوئی دستک جگا نہیں سکتی
پر شکستہ خرد پہ امیدیں
یہ تو خود کو بھی پا نہیں سکتی
بند ہے گنبدِ ضمیرِ بشر
کوئی آواز آ نہیں سکتی
کائناتِ شعور ہے غم سے
زیست آنکھیں چرا نہیں سکتی
عاشقانِ ازل کو تربت کی
کوئی لوری سلا نہیں سکتی
خود فریبی ہے خود پرستی ہے
روح انساں میں آ نہیں سکتی
آبلہ بیز سخت ہاتھوں کے
دنیا احساں بھلا نہیں سکتی
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار