

زندگی میں میں سدا لٹتا رہا
دل کے ہاتھوں بارہا لٹتا رہا
ظلم خو پرچھائیوں کے درمیاں
ہر ادا پر چپ کھڑا لٹتا رہا
رونقِ بازار میں دینارِ دل
بارہا ملتا رہا لٹتا رہا
خونِ دل بہتا رہا ہر خار سے
داغِ دل پھولوں میں تھا لٹتا رہا
چپ رہا خالق کا عہدِ انتقام
دشت میں جب قافلہ لٹتا رہا
پوری دنیا راہزنی کرتی رہی
اور فقط اک باوفا لٹتا رہا
مفلسی کے جرمِ سنگیں کے طفیل
دن کو ناموسِ وفا لٹتا رہا
میں کہ مستِ بادۂ غارت گری
دل کے ہاتھوں بارہا لٹتا رہا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار