

لب پہ اک فریاد ہے دل کی صدا کچھ اور ہے
ظاہری میرے بیاں کا مدعا کچھ اور ہے
مجھ کو جس الزام میں سولی پہ کھینچا جائے ہے
یہ خطا میری نہیں اصلی خطا کچھ اور ہے
اے میرے قاتل تیرے ہونٹوں کی سرخی کی قسم
تو غلط سمجھا ہے میری التجا کچھ اور ہے
دوستوں پر جو کیا کرتے ہیں اندھا اعتماد
ان سے کہہ دو دوستی کی انتہا کچھ اور ہے
کل جو اپنے ہاتھ سے دیتے تھے جامِ زر نگار
محتسب کے روپ میں ان کی ادا کچھ اور ہے
اک انا الحق کہہ کے سولی پر چڑھا کرتے ہیں لوگ
ظاہراً سولی ہے در پردہ سزا کچھ اور ہے
جبر و استبداد کے انجامِ تیرہ کی قسم
خرقۂ تقدیس میں مخفی عبا کچھ اور ہے
ساری دنیا دے رہی ہے مجھ کو جینے کی دعا
سچ اگر کہہ دوں تو جعفرؐ کی دعا کچھ اور ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار