

Loading content...
واقفان علم دست شناسی انگوٹھا کی جائے وقوع شکل و صورت اور جامت سے ظاہر ہونے والی انسانی فضائل و عادات و خصوصیات کو اس قدر اہمیت دیتے ہیں کہ اس سے بیشتر کہ انگوٹھا کا ذکر شروع کیا جائے یہ بتا دینا مناسب ہو گا کہ انگلیوں سے علیحدہ اس قدر اہمیت کس وجہ سے حامل ہے ۔ یہ امر پایہ ثبوت کو پہنچ چکا ہے کہ دماغ کا زیادہ تر تعلق منجملہ دیگر اعضائے انسانی کے انگوٹھے کے ساتھ بہت ہے ۔ انگوٹھا جس قدر چھوٹا اور قطع بھونڈا اور ملائم ہو گا اسی قدر انسان عقل اور قوت دماغ کی کمی ہو گی ، بندر کا انگوٹھا ملائم اور لچکدار ہونے کے سبب سے کو ئی اہمیت نہیں رکھتا اور سوائے اس کے کہ ایک نقل و حرکت کرنے والا ناخن کہا جا سکے ، انگوٹھے کہ زمرہ میں شمار نہیں کیا جا سکتا ، خلاف اس کے انسانی انگوٹھا کو قدرت نے انگلیوں سے علیحدہ ایسی جگہ قائم کیا ہے کہ اس کی نقل و حرکت اور قوت انگلیوں سے علیحدہ ہے اور اسی وجہ سے ترجمان ہوتا ہے ان واردات ِ ذہنی اور اخلاقی حالات کا جو انسانی دماغ کے توسط سے وارد ، صادر ہوتے رہتے ہیں ۔ انسان کی ذہنی کیفیت اخلاقی حالت ، چال چلن ، عقل و فہم و فراست و دانائی قوت ِ ارادی اور جوش عمل غرض مکمل حالات کا پتہ انگوٹھے سے چلتا ہے ۔ وہ اشخاص جو پیدائشی احمق یا بے وقوف ہوتے ہیں یا جن میں قدرت کی طرف سے عقل تھوڑی عطا کی جاتی ہے ان کا انگوٹھا بے حد کمزور بھدا بہت چھوٹا یا خشک ہوتا ہے یا ساخت بد نما ہوتی ہے ۔ بچوں میں جب تک عقل یا قوت ادراک پیدا نہیں ہوتی ان کے ہاتھ ہر وقت بند رہتے ہیں ، یعنی مٹھی بند رہتی ہے اور انگلیاں انگوٹھے کے اوپر لپٹی ہوتی ہیں اور جب ان میں میں فہم و فراست اور قوت تمیز پیدا ہوتی ہے تو انگوٹھا انگلیوں کے اوپر آجاتا ہے ۔ مرگی کی بیماری ( مرگی ) کا جب دورپ پڑتا ہے تو سب سے اول مریض کا انگوٹھا مڑ جاتا ہے ، پھر انگلیاں بند ہو جاتی ہیں اس سے معلوم ہو تا ہے کہ انگوٹھا اور دماغ آپس میں خاص تعلق رکھتے ہیں کیونکہ انگوٹھے کے مڑ جانے سے ذہنی طور پر مریض کو بیماری کے حملہ کا احساس ہو جاتا ہے ۔ یہاں تک بیان کرنے کے بعد اب انگوٹھا کے متعلق سلسلہ تحریر شروع کیا جا تا ہے ۔ انگوٹھا اور اس کی خصوصیات معلوم کرنے کیلئے مندرجہ ذیل باتوں کی ضرورت ہے ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار