

Loading content...
دوسری بات یہ ہے کہ جس طرح مخلوق پر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف سے طلب ہدایت کرناواجب ہے اسی طرح طالب ہدایت کو صراط مستقیم دکھانا ہادی عصر عجل اللہ فرجہ الشریف پر بھی واجب ہے، اور کوئی حجت خدا ترک واجب کی مرتکب نہیں ہو سکتی، چاہے جان ہی جانِ آفرین کے سپرد کیوں نہ کرنا پڑے، جیسا کہ کوفیوں نے جب امامعلیہ الصلوات والسلام پر اتمام حجت کی تو امام علیہ الصلوات والسلام واقعات کربلا کا علم رکھنے کے باوجود وہاں اتمام حجت کیلئے تشریف لے گئے ،اسی طرح اگر آج کوئی ان کے لخت جگر عجل اللہ فرجہ الشریف سے عرض کرتا ہے کہ میرے مولا میں آپ کے جد مظلوم علیہ الصلوات والسلام کا عزادار ہوں یا میں طالب ِراہ حق ہوں، میری ہدایت فرمائیں، مجھے خود آکر صراط مستقیم دکھائیں، اگر آپ نے آج مجھے زیارت نہ کروائی اور ہدایت ِحق نہ فرمائی تو بروز قیامت میں نہیں آپ جواب دہ ہوں گے اور میں آپ کا دامن گیر ہوں گا اور کہہ دوں گا کہ جب ہادیِ حقیقی عجل اللہ فرجہ الشریف نے ہدایت ہی نہیں فرمائی تو میں درست کیسے ہو سکتا تھا؟ تویہ فرزند امام حسین علیہ الصلوات والسلام ہر صورت میں ہدایت فرمائیں گے اور اتمام حجت ضرور کریں گے ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار