

Loading content...
اس کا پہلا جواب تو یہ ہے کہ علی بن محمد سمری والی توقیع مبارک کے پہلے ناقل جناب شیخ طوسی ہیں، انہوں نے یہ توقیع مبارک بھی نقل کی ہے اور ساتھ ہی واقعاتِ ملاقاتِ امام علیہ الصلوات والسلام بھی لکھے ہیں، کیونکہ وہ ان دونوں کو ایک دوسرے کے نقیض ومخالف نہ سمجھتے تھے ،اس کی وجہ یہ ہے کہ جملہ عرفاء و علماء نے خود شرف ِزیارت حاصل کیا ہے اور فرمایا ہے کہ یہاں زیارت سے مراد یہ نہیں، بلکہ ادعی رویتی کی بجائے ادعی نیابتی ہے یعنی وہ شخص جھوٹا ہے جو دور غیبت میں نیابت امام علیہ الصلوات والسلام کا دعویٰ کرتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر لفظ رویت سے زیارت مراد لیا جائے تو انسان دو گناہوں میں سے ایک کو اختیار کرنے پر مجبور ہوجائے گا اور یہ دونوں ایسے گناہ ہیں کہ ان میں سے ایک کا ارتکاب بھی بہت زیادہ نقصان کا موجب ہے، آپ خود دیکھ لیں، ایک یہ ہے کہ اگر اس توقیع مبارک کو نعوذ باللہ غلط کہا جائے تو ایمان نہ رہے گا اور دوسری صورت میں سید مرتضیٰ علم الہدیٰ، مقدس اردبیلی، علامہ حلی اور شیخ مرتضیٰ انصاری جیسی اعلیٰ علمی شخصیات کی تکذیب کرنا پڑے گی اور انہیں جھوٹا ثابت کرنا پڑے گا، اس کا نقصان یہ ہوگا کہ اہل تشیع کا پورا دین حق مشکوک ہوجائے گا، کیونکہ انہی لوگوں کی کتب ہی پر تو عقائد شیعہ خیرالبریہ کی عمارت کھڑی ہے، اگر ان سب کی کتب بمعہ صاحبانِ کتب ساقط الاعتبار ہوجائیں تو دین حق کس طرح معتبر رہ سکے گا؟ اس طرح لاتعداد مومنین اور لاتعداد علماء اور لاتعداد کتب غیبت کی تکذیب دین کی عمارت کو ہلا کر رکھ دے گی ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار