

Loading content...
اس مصیبت کے وقت میں سرورکونینؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اگر ظاہری طور پر سہارا تھا تو سید العرب جناب ابوطالب علیہ الصلواة والسلام اور جناب سیدہ ملیکة العرب صلواة اللہ علیہا کاتھا، ہر قسمی تکالیف میں بھی جناب سیدہ ملیکة العرب صلواة اللہ علیہا نے کبھی سروؐرِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے اپنے دکھوں کا اظہار نہیں فرمایا بلکہ شام کو جب سروؐرِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گھر میں داخل ہوتے تو جناب سیدہ ملیکة العرب صلواة اللہ علیہا غم کھا کے، آنسو پی کر، مسکرا کر سروؐرِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خیر مقدم کرتی تھیں اور تسلی و تشفی دیتیں اور بوقت ضرورت ان کی مرہم پٹی بھی کرتی تھیں۔ جناب سیدہ ملیکة العرب صلواة اللہ علیہا اگرچہ اب شہزادی ٔ عرب نہیں تھیں بلکہ وہ تحریک اسلامی کی ایک ممبر تھیں، نبوت کی مونس و غمخوار تھیں، رسالت کی پشت پناہ او ر اسلام کی معین و مدد گار تھیں، حقیقت یہ ہے کہ وہ سروؐرِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک وزیر تھیں جن کے پاس پہنچنے کے بعد سروؐرِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا کے سب غم بھول جاتے تھے۔ دکھ، درد، رنج و غم دور ہوجاتا تھا اور بے پناہ سکون و اطمینان نصیب ہوتا تھا۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار