

Loading content...
فضا میں ایک نور ساطع ہوا اور اس میں سے ایک نوجوان تشریف لے آئے، نہ تو ان کا قد اتنا بلند تھا کہ آنکھوں کو غیر موزوں محسوس ہو، اور نہ اتنا پست کہ زمین کے ساتھ پیوست نظر آئے، یعنی قامت اتنی موزوں تھی جو دل کیلئے کشش رکھتی تھی، رُخِ انور پر نظر کی تو دیکھا کہ دل آویز چشم ہائے مبارک کی سیاہی سے لیلة القدر برکت حاصل کرتی نظر آئی، نرگسی آنکھوں کی سفید ی سے چاندنی حسن کی بھیک مانگتی نظر آئی، چشم ہائے غزالی کے اوپر محراب ہائے ابرو آپس میں جڑے ہوئے تھے، لب ہائے قرآن پرور سے عقیق ہائے عدن آب درخشندگی کادرس لیتے نظر آتے تھے، گلابی رُخساروں سے گل ہائے جنت نزاکت ونفاست ورنگ وخوشبو چرا کے مسکراتے تھے، پاک رُخساروں کی رنگت زہرہ ستارے کی چمک پر طنز کررہی تھی اورنمکین حسن کی ملاحت نگاہوں کا ذائقہ بدل رہی تھی، قامت موزوں تھی، سر اقدس پر نوری بادل نے سایہ کیا ہوا تھا، اور شانۂ اطہر سے مہر نبوت کی روشنی کی کرنیں عرش سے بغل گیر ہورہی تھیں، آپ ایک نوری راہوار رپر سوار تھے، جس کی باگیں کبریت احمر کی تاروں سے منسوج تھیں، اس کی زین خالص سونے کی بنی ہوئی تھی جس پر جنت کے موتی اور جواہرات جڑے ہوئے تھے، اس راہوار یا براق کا سر انسان کی مانند تھا، اور دھڑگھوڑے کی مانند تھا، جس کی دم خوشبودار اور سموں تک دراز تھی، اس کے قدم مبارک بیل کی طرح درمیان سے کٹے ہوئے تھے اوروہ اتنا تیز رفتار تھا کہ جہاں تک انسان کی نظر کام کرسکتی ہے وہاں تک اس کا ایک قدم تھا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار