

Loading content...
مجھے اس بات کا انتہائی قلق ہے کہ زیر نظر کتاب ہم ان کی حیاتِ بابرکات میں مکمل نہ کر سکے ورنہ وہ اس میں شاید نئے نئے نکات سموتے اور اس طرح رہنمائی فرماتے کہ علمیت کے کئی نئے باب کھل جاتے۔ ہمارے لئے اب ان کی یاد میں آنسو بہانے اور آہیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں بچا، ان کے محبان اور عقیدت مندوں کیلئے ان کے وصالِ الیٰ اللہ کا حادثہ اس قدر اچانک اور جاں گداز تھا کہ وہ ایک طویل عرصہ تک درد و غم سے نڈھال اور بے سدھ رہے، ان کے ذہن اتنے بڑے صدمہ کو برداشت کرنے سے قاصر تھے، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ وہ اتنا جلد ہمیں داغِ مفارقت دے جائیں گے، اب بھی جب ہم ان کے رہائشی نور محل کے پاس پہنچتے ہیں تو یہ احساس آ لیتا ہے کہ وہ حسب معمول ابھی ہنستے مسکراتے ہوئے برآمد ہوں گے اور ماحول ان کی موجودگی سے بہار بداماں نظر آنے لگے گا، ان کے آنگن میں انہی کے اپنے دست مبارک سے لگائے ہوئے درخت اور پودے چپ چاپ محسوس ہوتے ہیں جیسے وہ بھی ان کی واپسی کے منتظر ہوں، پاک آنگن میں پھول مجبوراً کھلتے ضرور ہیں مگر ان پر ایک غیر مرئی اُداسی طاری ہوتی ہے، یوں لگتا ہے کہ ان کی ہر پنکھڑی کسی کا رستہ تک رہی ہو
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار