

Loading content...
اس بات کو میں ایک نصیحی حکایت میں عرض کرنا چاہتا ہوں کہ ایک عابد کسی جزیرے کی ایک غار میں عبادت کیا کرتا تھا اس نے ستر سال اللہ جل جلالہ کی بے لوث عبادت کی کیونکہ اس جزیرے میں کوئی دوسرا متنفس موجود ہی نہیں تھا … ہوا یہ کہ ایک دن وہاں شدید طوفان آیا اور سارا جزیرہ زیر آب آگیا، اس عابد نے دعا کی اے میرے خالق میں نے تیری عبادت کی اور میں ڈوب رہا ہوں تو مجھے بچانے آ کیونکہ مجھے صرف توہی بچا سکتا ہے … ابھی وہ دعا مانگ رہا تھا کہ ایک سمندری جہاز بھٹکتا ہوا اس جزیرے میں آ پہنچا، اہل جہاز نے دیکھا کہ کوئی آدمی ایک بلند مقام پر کھڑا ہے اور خود کو بچانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، انہوں نے جہاز اس کے قریب کیا اور اس سے کہا تم جلدی ہمارے جہاز پر سوار ہوجاؤ کیونکہ طوفان اور بڑھنے والا ہے، اس عابد نے کہا مجھے تمہاری کوئی ضرورت نہیں ہے وہ جہاز چلا گیا طوفان اور بڑھ گیا اس نے پھر دعا کی اسی طرح ایک اور جہاز وہاں پہنچ گیا اور جہاز کے عملہ والوں نے بھی اسے یہی کہا کہ جہاز میں آجاؤ مگر وہ نہ آیا اور اسی طرح تین جہاز آئے اور سب نے اسے کہا کہ تم ہمارے جہاز میں آجاؤ مگر اس نے کہا میں نہیں آؤں گا کیونکہ مجھے اللہ ہی بچانے آئے گا … ہوا یہ کہ وہ آدمی ڈوب کر مرگیا … جب اسے اللہ جل جلالہ کے سامنے پیش کیا گیا تو اس نے عرض کیا میرے خالق تو نے یہ کیا کیا ہے کہ میں نے ستر سال تیری عبادت کی اور تو مجھے طوفان سے بچانے تک نہیں آیا … خالق نے فرمایا او خر مقدس یہ بتا تیرے پاس جو تین جہاز آئے تھے وہ کس نے بھیجے تھے کیا وہ تیرے باپ نے بھیجے تھے؟ میں نے تو تمہارے بچانے کیلئے وسائل پیدا کردئیے تھے اگر تو نے ان وسائل کو استعمال نہیں کیا تو اس میں تیری جہالت ہے اور تو نے میرے عطا کردہ وسائل سے کفران کیا ہے تو اس کی سزا یہی ہلاکت تھی جو تجھے ملی ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار