

Loading content...
یہی وہ وجوہات ہیں کہ جن کی وجہ سے ہم علم پاک کا احترام کرتے ہیں کیونکہ اس میں کئی نسبتیں ہیں اور ہمارا دین اسلام ہے ہی نسبتو ں کا دین، کیونکہ ہمارا کعبہ اللہ جل جلالہ کی نسبت کی وجہ سے مسجود ہے ورنہ کعبہ اللہ نہیں کہ ہم اسے سجدہ کرتے ہیں ہماری حج اور اس کے تمام مناسک جناب ابراہیم علیہ السلام اور ان کے خاندان سے منسوب اعمال کا مجموعہ ہیں یعنی قربانی ہے، سعی ہے، رمی جمرات ہے، طواف ہے، یہ سب نسبتوں کی وجہ سے ہے اسی طرح مذہب شیعہ میں ابراہیم و آل ابراہیم علیہ السلام کی طرح آل عمران علیہ الصلوات والسلام کی نسبتوں کو بھی برابر کی اہمیت حاصل ہے کیونکہ آل ابراہیم علیہ الصلوات والسلام سے ہمارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی آل ہزار درجے افضل ہے تو اِن کے منسوبات بھی اُن کے منسوبات سے ہزار درجے افضل ہیں اِس لئے ہم علم پاک کے پاس جوتے پہن کر جانا، بغیر وضوجانا، ان کے سامنے یا قریب بیٹھ کر سگریٹ نوشی کرنا یا تھوکنا جائز نہیں سمجھتے اور جس طرح صفا و مروا کو شعائر اللہ کہا گیا ہے اسی طرح ہم ان منسوبات کو بھی شعائراللہ مانتے ہیں اور یہ بھی ہے کہ صفا و مروا میں دعائیں منظور ہوتی ہیں کیونکہ وہ شعائر اللہ ہیں، اسی طرح علم پاک کے نیچے جو دعائیں کی جاتی ہیں وہ جلد منظور ہوتی ہیں کیونکہ یہ شعائر آل عمران علیہم الصلوات والسلام میں سے ہے … جب بھی ہم علم پاک کو آتا ہوا دیکھتے ہیں تو ہم تعظیماً کھڑے ہوجاتے ہیں کیونکہ کسی عزت دار کی آمد پر کھڑے ہوکر استقبال نہ کرنا گھٹیا اور ارذل ذہنیت کی نشاندہی کرتا ہے، اللہ نے جس چیز یا شخصیت کو عزت دی ہو اسے عزت یا اس کا مقام نہ دینا یہ ظلم ہے اس لئے ان منسوبات کا ہم ادب و تعظیم کرتے ہیں جیسا کہ گھرکے بڑے بزرگ کو ہم پروٹوکول دیتے ہیں … ہم علم پاک کو جھک کر سلام کرتے ہیں اس میں عبادت علم کا کوئی تصور نہیں ہوتا مگر شعائر اللہ کی تعظیم کرنا کیونکہ عبادت ہے اس لئے یہ جھکنا عبادت قرار پاتا ہے، اس کے سامنے انکسار کرنا رخسارے خاک پہ رکھنا اور شہنشاہ وفا علیہ الصلوات والسلام کے سامنے عاجزی سے اپنے لئے کرم کی بھیک مانگنا بھی ایک طرح کی اللہ ہی کی عبادت کی طرح ہے کیونکہ اس کے عطا کردہ وسائل کو استعمال نہ کرنا بھی ایک طرح سے کفران نعمت ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار