

Loading content...
عزاداری کے قیام کا ہمیں خصوصی حکم بھی ملا ہے اور سارے آئمہ ہدیٰ علیہم الصلوات والسلام نے عزاداری و مجالس کا خصوصی طور پر قیام فرمایا ہے اور مختلف شعراکو مرثیہ خوانی کا حکم فرمایا ہے جیسا کہ جناب دعبل خزاعی ہیں، جناب کمیت ہیں، جناب اسماعیل حمیری ہیں، اسی طرح کے اور بھی وہ خوش نصیب لوگ ہیں کہ جنہیں اپنی بزم قدسی میں بلا کر روضہ خوانی کا حکم فرمایا گیا … حتیٰ کہ راوی حدیث زہری نے امام زین العابدین علیہ الصلوات والسلام سے جب اپنے بیٹے کے عقد پر تشریف لانے کا عرض کیاتو فرمایا تم کریم کربلا علیہ الصلوات والسلام کی مجلس عزا بپا کرو تو ہم تشریف لائیں گے اور اس نے عین شادی کے دن مجلس عزابپا کی اور امامِ وقت نے وہاں شرکت فرما کر ہمیں یہ درس دیا کہ اگر تم بھی ہمیں اپنی شادیوں میں شریک کرنا چاہو تو عین شادی کے دن مجلس عزا کا قیام کرنا ہم تشریف لائیں گے … اسی طرح سارے آئمہ ہدیٰ علیہ الصلوات والسلام نے ایام عزا میں عزا اور مجالس عزاکا قیام فرمایا اور اس کی ہمیں تاکید بھی فرمائی اور گریہ وبکا کے فضائل بیان فرمائے اور یہاں تک فرمایا کہ جو روئے یا رلائے یا رونے کی شکل بنائے اس پر جنت واجب ہے … اسی طرح فرمایا کہ جس نے کریم کربلا علیہ الصلوات والسلام اور ان کی آل و اصحاب کے غم میں اتنا گریہ کیا کہ جس سے ایک مچھر کا پر بھیگ جائے تو اس پر جنت واجب ہے اور یہ بھی فرمایا کہ کل قیامت کے دن ساری آنکھیں اشک بار ہوں گی سوائے ان آنکھوں کے کہ جنہوں نے خوف خدا میں اور مصائب آل عبا علیہم الصلوات والسلام میں آنسو بہائے ہوں گے …اس موضوع پر ہمارے کتب میں لا تعداد فرامین موجود ہیں اس لئے یہاں تو ہم اجمالی طور پر ذکر کررہے ہیں
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار