

Loading content...
احمدؐ بن اسحاق اشعری قمی سے روایت ہے کہ میں قم سے اس لئے آیا کہ اپنے امام زمانہ علیہ الصلوات والسلام کی زیارت کروں گا جب میں بغداد پہنچا تو بہت کوشش کی کہ کسی طرح مجھے ان سے ملنے کا موقعہ مل جائے مگر میں ناکام رہا آخر میں نے سوچا کہ کسی دربان سے مراسم بڑھائے جائیں اور شاید وہ مجھے اپنے مولا علیہ الصلوات والسلام سے ملا دے کیونکہ بہت سخت پہرہ تھا …اس محل کے دربانوں میں سے ایک دربان بہت لالچی قسم کا تھا میں نے اپنے مقصد کے حصول کیلئے اسے منتخب کیا اور اس کے گھر کی طرف چل پڑا، راستے میں بازار سے میں نے اس کیلئے کچھ تحفے خریدے اور ایک تھیلی دیناروں کی سر بہ مہر کی اور اس کے دروازہ پر پہنچ گیا …میں نے جاکر اس کے دروازے پہ دستک دی تو اس نے مجھے اندر بلا لیا میں نے تحفے دئے تو وہ بہت خوش ہو گیا، میں نے اس سے اصل بات نہ کی، جب میں اجازت لے کر باہر آیا تو وہ مجھے در تک رخصت کرنے آیا، جب میں نے رخصت چاہی تو اس نے کہا میرے لائق کوئی خدمت؟ تو میں نے کہا ایک بات ہے تو سہی مگر وہ تمہارے اختیار میں نہیں ہے، اس نے کہا تم مجھے بتاؤ جیسا بھی ہو گا میں تمہارا کام ضرور کروں گا …میں نے کہا ہمارے امام زمانہ علیہ الصلوات والسلام قصرِ بنی عباس میں امت کے مہمان ہیں میں ان سے ملنا چاہتا تھا مگر وہ تمہارے بس کی بات نہیں اس پر اس نے کہا کہ یہ کام واقعی بہت مشکل ہے مگر میں کوشش کروں گا، تم ایسا کرو جب رات ڈھل جائے تو دریائے دجلہ کے کنارے کنارے چلے آنا اور اس جگہ آ جانا جہاں محل کی سیڑھیاں دریا میں اترتی ہیں تم وہاں میرا انتظار کرنا …جناب احمد بن اسحاق فرماتے ہیں کہ میں اس کے کہنے کے مطابق آدھی رات کے بعد دریائے دجلہ کے کنارے کنارے چل پڑا جب میں محل کے عقب میں پہنچا تو دیکھا محل کافی اونچائی پر تھا اور اس سے سیڑھیاں نیچے اترتی تھیں جو دریا کے اندر تک چلی جاتی تھیں میں وہاں انتظار میں مصروف تھا کہ کافی دیر بعد اس دربان کو سیڑھیوں سے اترتے ہوئے دیکھا، جب وہ میرے قریب آیا تو آہستہ سے کہا کہ خاموشی سے میرے پیچھے پیچھے چلے آؤ
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار