

Loading content...
سیدة النساء العالمین صلوات اللہ علیہا بزم کساء میں مرکزی حیثیت کی مالک ہیں اور یہ سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلمکے نور اوّل کاجزو کل نما ہیں اور اللہ جب اہل آسمان کو پنجتن پاک علیہم الصلوات والسلام کا تعارف کرواتا ہے تو مرکزتعارف انہی کو بناتا ہے، جب عالم انوار میں ان کے نور کا اظہار ہوتا تھا تو ملکوت کرو بیاں کے بارے میں ہے خرة الملائکة سجداًکہ ملکوت ان کے نور کی تجلی دیکھ کر سجدے میں گر جاتے تھے …یہ اتنی ذی عظمت شہزادی ہیں کہ ان کی تشریف آوری پر ان کے بابا پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بھی جملہ درجات عالیہ و عظمیٰ پر فائز ہونے کے باوجود بھی ان کی تعظیم کو سرو قد کھڑے ہوجاتے تھے… ان کی مرکزیت وا ہمیت اس بات سے سمجھیں کہ باقی جتنے معصومین علیہم الصلوات والسلام ہیں ان کے حق کے بارے میں سوال تو ہوگا مگر ادائیگی حق کی کوتاہی کی صورت میں معافی کا دروازہ بھی کھل سکتا ہے مگر ان کا حق کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے ساتھ ذرابھر کمی بیشی کسی کو معاف نہیں کی جائے گی … انہیں معصومین علیہم الصلوات والسلام میں اتنی اہمیت حاصل ہے کہ خود سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بھی انہیں ام ابیھا یعنی بابا پاک کی ماں یا بابا پاک کی اصل کہہ کر یاد فرماتے تھے اور جب یہ بابا پاک کی زیارت کو تشریف لاتی تھیں تو سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم انہیں دیکھ کر اپنی مسند چھوڑ دیتے تھے چند قدم چل کر ان کا استقبال کرتے تھے اور آگے بڑھ کران کی پیشانی کا بوسہ لیا کرتے تھے اور انہیں اپنی مسند پر اس جگہ بٹھا تے تھے کہ جہاں وہ خود تشریف فرماہوا کرتے تھے اور خود دوسری جگہ تشریف فرماہوتے تھے اور یہ بھی فرمایا کرتے تھے یہ ہمارا حصہ ہیں بضعة منی کے معنی یہی ہیں کہ یہ ہمارا بعض ہیں میرا جزو ذات ہیں جو انہیں اذیت دے اس نے مجھے اذیت دی ہے اور جس نے مجھے اذیت دی ہے اس نے اللہ جل جلالہ کو اذیت دی ہے اور اللہ جل جلالہ کو اذیت دینے والا کافر ہے …صدیقہ کبریٰ صلوات اللہ علیہا جوانان جنت کے سرداروں کی والدہ ماجدہ ہیں اور کریم کربلاعلیہ الصلوات والسلام سے ہمارے شہنشاہ امامِ زمانہ عَجَلَ اللّٰہُ فَرَجَہ الشَّرِیف تک سبھی کی والدہ ماجدہ ہیں اور سارے انوار اطہار کی اصل و کل ہیں
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار