

Loading content...
ہمارا یہ عقیدہ بھی ہے کہ اللہ جل جلالہ کے بارے میں ایک اجمالی سا عقیدہ کافی ہے اور اس کی کنہ ذات کو کوئی عقل پا ہی نہیں سکتی اور ادراک اِلٰہی پوری مخلوق کیلئے محال ہے یعنی اس کی ذات، اس کے صفات، اس کے افعال، اس کے خصائص، اس کی عظمت و شان، بلکہ اس کے جملہ متعلقات عقل انسانی سے اتنے ہی بعید ہیں جتنی کہ اس کی ذاتِ غیب الغیوب ہے،اس کا نہ جن و انسان ادراک کر سکتے ہیں، نہ ملکوت و انبیا و رسل علیہم السلام، حتیٰ کہ اس کے حریم ذات کا ادراک اس کے اپنے صفات و اسما بھی نہیں کر سکتے، وہ ہمیشہ ہر چیز سے منزہ ہے اور کسی عقل کے ادراک میں آنے سے بھی منزہ و ارفع و اعلیٰ ہے، اس کے بارے میں کیوں، اور کیسے، کہنے والے ہمیشہ ہلاک ہوجاتے ہیں اس لئے اس کے بارے میں زیادہ غور وفکر کرنے والے کو ہلاکت سے ڈرنا چاہیے، جیسا کہ امیر کائنات علیہ الصلوات والسلام نے فرمایا تھا کہ جس نے اللہ جل جلالہ کی ذات میں غور وفکر کرناشروع کردیا وہ زندیق ]کافر[ ہوگیا یعنی ایک مسلمان کیلئے بس اتنا ایمان کافی ہے کہ وہ احدو واحد ہے اور وہ ہمارے ادراک سے بہت بلند ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار