

Loading content...
مستورات میں ماتم کا کہرام بپا ہو گیا ، پاک مستورات نے انہیں وہاں سے اٹھا کر کمرے میں جاسلایا ، کافی دیر کے بعد جب انہوں نے آنکھ کھولی تو دیکھا شہزادہ علیؐ اصغر علیہ الصلواة والسلام کی پاک والدہ صلواة اللہ علیہا انہیں اپنی آغوش میں لے کر گریہ فرما رہی ہیں ،ان کی طرف دیکھ کر بیمارِ مدینہ بی بی صلواة اللہ علیہا نے عرض کیا اے میری مظلوم ماں ہمارا یہ پاک گھر کیسا آباد اور شاد ہوا کرتا تھا ،جس وقت میرا ویر اکبر جناب اصغر کواٹھا کر تشریف فرما ہوتے تھے تو ایسا محسوس ہوتا کہ جیسے چاند کی آغوش میں کوئی ستارہ اتر آیا ہو ،مگر تقدیر نے ایسا ستم ڈھایا ہے کہ اب تو کوئی ایک بھائی بھی نظر نہیں آتا روتے ہوئے عرض کیاآپ کو یاد تو ہوگا کہ شام کے وقت میرے بھائی جناب عابد علیہ الصلواة والسلام اور جناب اکبرعلیہ الصلواة والسلام ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے گھر اطہر میں داخل ہوا کرتے تھے تو بہنوں کو مسکراتا دیکھ کر خود بھی مسکرادیتے تھے اُس وقت اُن کی مسرور کیفیت کو دیکھ کر آنکھیں نہیں تھکتیں تھیں،لیکن اب آپ نگاہ تو فرمائیں اِن آنکھوں کے پاس ما سوائے آنسوؤں کے کچھ بچا ہی نہیں ہے ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار