

Loading content...
جناب سجاؐد علیہ الصلواة والسلام نے ان کی استدعا قبول کرتے ہوئے فرمایا ٹھیک ہے، ہم کوفہ ضرورآئیں گے، یہ سنتے ہی اہل کوفہ فوراً وہاں سے روانہ ہو گئے، تب آپ نے پاک پردہ دارانِ وحدت صلواة اللہ علیہن سے فرمایا کہ آپ رات کے پردہ میں تمام احباب کے مزاروں سے آخری وداع کر لیں، رات کے پچھلے پہر ہم یہاں سے روانہ ہو جائیں گے، رات کی تاریکی میں تمام مستورات صلواة اللہ علیہن نے سبھی پاک شہداء علیہم الصلواة والسلام سے وداع فرمایا، روانگی سے کچھ دیر پہلے شہزادہ علیؐ اکبر علیہ الصلواة والسلام کی پاک والدہ صلواة اللہ علیہا امام مظلوم علیہ الصلواة والسلام کے پاک مزار کے قدموں کی جانب شہزادہ علیؐ اکبر علیہ الصلواة والسلام کے پاک مزار پر تشریف لائیں اور روتے ہوئے فرمایا میرے نورِ نظر! آج ہم وطن واپس جا رہے ہیں، مناسب تو یہ تھا کہ آپ بھی ہمارے ساتھ چلتے، کیونکہ بیٹوں کے بغیر وطن جا کر میں کسی کو کیا منہ دکھاؤں گی، اور سب سے زیادہ مجھے اس بات کی فکر ہے کہ آپ کی بیمار بہن ملکہئِ ہجر صلواة اللہ علیہا جو آپ کی واپسی کی آس پر ہی زندہ ہیں وہ جس وقت آ کر مجھ سے آپ کے بارے میں پوچھیں گی تو میں انہیں کیا جواب دوں گی؟
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار