

Loading content...
راوی روایت کرتا ہے کہ میں یہ کیفیت دیکھ کررونے میں مصروف تھا کہ اچانک مکانوں کی چھتوں پر سوار عورتوں میں گریہ وبکا کی ایسی آوازیں بلند ہوئیں کہ بازار میں بجتے ہوئے ڈھول اور ساز بھی ایک لمحے کے لیے بند ہوگئے کیونکہ اِس وقت جو ملعونِ ازل گھوڑے پر سوار ہو کر بڑے دروازہ میں سے برآمد ہورہا تھا، اس کے ہاتھ میںبھی ایک عمودِ نور تھی جس پر ایک علم بھی تھا اور اس کے اوپر مجھے ایک ایسا سر نظر آیا کہ میں جگر کو پکڑ کر وہیں زمین پر بیٹھ گیا، میں صرف اتنا بتا سکتا ہوں کہ وہ چھ ماہ کے ایک معصوم کا سر تھا، اس معصوم کی معصومیت نے شام کی ہر عورت کے دل پر اپنی معصومیت کی بجلی کچھ اس طرح گرائی کہ ان کی جگر خراش آہ و بکا نے سارے بازارِ شام کو ہلا کر رکھ دیا ،وہ ظالم گھوڑے کو رقص دیتا ہوا اُس معصوم کا سر اٹھا کر فرعون شام کے سامنے آ کر کھڑا ہوا تو اس وقت شام کی عورتوں نے منہ پر ماتم کرکے اُس ظالم پر لعنت کرتے ہوے کہا او ملعون ازل او ظالم انسان تم یہ کس ماں کی گود آباد کر آئے ہو ایسے صغیر بھی کوئی اس طرح منزل معراج پر اٹھاتا ہے، ایسے صغیر تو ماؤں کی جھولیوں میں اچھے لگتے ہیں،او ظالم تمہیں تو معصوم کی معصومیت پر بھی ترس نہیں آیا دیکھو تو سہی ماں سے بچھڑنے کے بعد اس کا چہرہ کیسے مرجھا گیا ہے ،خدا جانے اِس کی ماں لعل کا یہ حال دیکھنے کے بعد زندہ بھی رہی ہو گی یا نہیں؟
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار