

Loading content...
سر پاک کی کیفیت یہ تھی کہ ریش اطہر میں خشک ہو جانے والا خون صاف نظر آ رہا تھا، گلاب سے زیادہ نازک لب پیاس کی وجہ سے زرد تھے اور آنکھیں بند تھیں، مگر یوسفِ آل محمدؐ علیہ الصلواة والسلام کے حسن کی شعاعوں نے سارے بازار کو مطلع انوار بنایا ہوا تھا، مرہ بن قیس داخل ہوا تو چھتوں پر سوار عورتوں میں گریہ و ماتم کا ایک کہرام مچ گیا، سب عورتیں رورو کر یہ کہہ رہی تھیں کہ یہ تو بعینہ ہم شکل نبیؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، آلِ محمدؐ علیہم الصلواة والسلام کا سر مایہ ہیں،معلوم ہوتا ہے کہ انہیں ظلم و ستم سے شہید کیا گیا ہے کیونکہ ابھی تک ان کی ریش اطہر میں خون نظر آ رہا ہے اور ان کی پاک زلفوں کا رنگ بھی متغیر ہو چکا ہے، خدا جانے کہ اس کی پاک والدہ صلواة اللہ علیہا نے کس طرح اس کے غم کو برداشت کیا ہوگا،خدا جانے اس کی بے عیب جوانی پر کسی کو ترس کیوں نہیں آیا، ایسے حسین جوانوں پر تو کوئی بھی ظلم نہیں کرتا ، ایسے پاک لعل تو والدین کے دل کا قرار اور گھرکی زینت ہوتے ہیں، انہیں اس رنگ میں بازار میں تو نہیں لایا جاتا،اور نہ ہی ماؤں بہنوں کے سامنے اس بے دردی کے ساتھ ایسے شہیدوں کا سر اٹھایا جاتا ہے ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار