

Loading content...
اسی ٹلہِ سیدہ عاؐلیہ صلواة اللہ علیہا سے خیام کی طرف سفر کیا جائے تو سب سے پہلا خیمہ جناب عباؐس علیہ الصلواة والسلام کا آتا ہے، میرے خیال کے مطابق یہی وہ مقام ہے کہ جہاں پاک مستورات صلواة اللہ علیہن وداعِ مقتل کے بعد دوسری بار محملوں پر سوار ہونے کیلئے جمع ہوئیں، اس مقام کے قریب ہی جناب شہزادہ علیؐ اکبر علیہ الصلواة والسلام کا خیمہ تھا، پھر آگے وہ مقام تھا کہ جہاں شہنشاہِ کربلا علیہ الصلواة والسلام کا خیمہ نصب رہا تھا اور اس سے آگے حرمِ توحید کے پاک خیام تھے، انہی خیام کے باہر شہزادہ علیؐ اصغر علیہ الصلواة والسلام کو پہلی بار دفن فرمایا گیا تھا، اس مقام سے آگے جناب سجاؐد علیہ الصلواة والسلام کا پاک خیمہ بھی تھا، اس پاک خیمے کی دائیں طرف شہزادہ امیر قاؐسم علیہ الصلواة والسلام کی پاک دلہن صلواة اللہ علیہا کا خیمہئِ عروسی تھا اور آج بھی شائد وہ خیمہ پاک موجود ہے، اس خیمے پاک میں آج بھی جو منتیں مانی جاتی ہیں وہ سب کی سب مہندی کی ہی ہوتی ہیں، یعنی جن عورتوں کو اپنی لڑکیوں کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے وہ پاک دلہن صلواة اللہ علیہا کی منت مان لیتی ہیں کہ ہم آپ کو مہندی پیش کریں گی، ہماری مشکل حل فرمائیں اور یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ ان منت ماننے والوں کے تمام مسائل حل ہو جاتے ہیں، آج کے اس ماڈرن اور بے عقیدہ دور میں بھی ایام محرم کے دوران مہندی کے اتنے زیادہ برتن اس پاک خیمے میں لائے جاتے ہیں کہ تل دھرنے کی جگہ نہیں رہتی ، کربلا کی اس پاک دلہن صلواة اللہ علیہا کے نام پاک سے منسوب مہندی اور مہندی کی منت ماننے کا رواج ہندوستان میں بھی کربلا معلی ہی سے آیا ہے، نہ کہ ہمارا خود ساختہ ہے۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار