

Loading content...
جس وقت ہم کربلا پہنچے تھے تو وہاں ہمارے ساتھ وہ سب کچھ ہو گیا کہ جوہونا نہیں چاہیے تھا، ہمارا بھرا گھر امت ملعون نے ایک ہی دن میں خالی کر دیا، جس وقت گیارہ محرم کا دن ہوا تو امت ملعون نے ہمیں کوفہ لے جانے کا پروگرام بنایا، ہمارے پاک پردہ دارانِ رسالت صلواة اللہ علیہن کو محملوں پر سوار کر کے مقتل گاہ میں سے گزارا گیا، جہاں انہیں چند لمحوں کیلئے شہدائے کربلا علیہم الصلواة والسلام کے لاشہ ہائے اطہر سے آخری بار وِداع کرنے کی اجازت دی گئی ، تمام پاک مستورات صلواة اللہ علیہن محملوں سے اتر کر مقتل گاہ پہنچ گئیں، ہماری طبیعت سخت ناساز تھی، جس وقت ہم نے مقتل گاہ کی طرف نگاہ کی تو سامنے ہمیں اپنے پاک خاندان علیہ الصلواة والسلام کی بکھری ہوئی لاشیں نظر آئیں، جس کی وجہ سے ہم پر ایک اضطرابی کیفیت طاری ہوگئی کیونکہ کسی طرف ہمارے پاک بابا امام مظلوم علیہ الصلواة والسلام کی لاش بے گور وکفن نظر آرہی تھی، کسی طرف کائنات سے افضل آٹھ چچاؤں علیہا الصلواة والسلام کی بے کفن لاشیں پڑی تھیں، کسی طرف جوان بھائی شہزادہ علیؐ اکبر علیہ الصلواة والسلام کی لاش دِکھائی دے رہی تھی، کسی طرف معصومؐ بھائی شہزادہ علیؐ اصغر علیہ الصلواة والسلام نے زمین کربلا کو ماں کی آغوش سمجھ کر زینت بخشی ہوئی تھی، جیسے جیسے ہماری نظر اِن لاش ہائے اطہر پر پڑتی گئی جگر میں درد کی لہر طوفان کی شکل اختیار کرتی چلی گئی ، ہمیں یوں محسوس ہورہا تھا کہ نصیب دشمناں ابھی ہماری روح پرواز کر جائے گی، ہم اس قدر کمزور ہو چکے تھے کہ بیٹھ بھی نہیں سکتے تھے۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار