

Loading content...
کربلا کا میدان ہے، روزِ عاشور ہے، دوپہر ڈھل رہی ہے ،تطہیر کی قناتوں کے اندر مظلوم امام علیہ الصلوات والسلام اور بیمار بیٹے کے مابین راز ونیاز شروع ہیں ، منصب امامت کے اہم ترین حصے منتقل ہو رہے ہیں ،ادھر ان خیمے کے باہر تمام پردہ دارانِ توحید ورسالت صلوات اللہ علیھن امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام کے باہر آنے کا انتظار فرما رہے تھے ، اس وقت جناب شریکة الحسینؐ معظمہ کونین عالیہ بی بی صلوات اللہ علیہا نے تمام مستوراتِ توحید و رسالت صلوات اللہ علیھن سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ میں آپ سب کو تاکید کرتی ہوں کہ میرے بھائی کے سامنے اب کوئی گریہ نہ کرے، اور نہ ہی اب ان کے سامنے بھائیوں اور بیٹوں کا ذکر کرے، کیونکہ وہ پہلے ہی بہت دکھی اور غمزدہ ہیں، تنہا ہیں اور چند لمحوں کے مہمان ہیں، ابھی یہی باتیں ہو رہی تھیں کہ امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام جناب سجاؐد علیہ الصلوات والسلام کے خیمے سے باہر آئے، انہوں نے تمام مستورات صلوات اللہ علیھن کواپنے قریب بٹھایا اور تمام پردہ داروں سے مخاطب ہو کر معذرت خواہانہ انداز میں فرمایا کہ میں آپ سب کا بہت ممنون ہوں کہ آپ نے اپنے آباد و شاد گھروں کو چھوڑ کر ان جنگلوں اور ویرانوں میں بھوک اور پیاس کو نبھا کر بھی مجھ غریب کا ساتھ نہیں چھوڑا،اور اپنی ہر چیز میرے عظیم مقصد پر قربان کر دی ہے ، آپ سب نے میرے مقصد کی تکمیل میں میرا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی میرے مقصد اعلیٰ کو آپ ہی نے سنبھالنا ہے ، میں آپ سب کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار