

Loading content...
جنگ کے دساتیر میں سے ایک دستور یہ بھی تھا کہ جس وقت دو جوان آمنے سامنے ہوتے تو وہ رجز پڑھتے تھے اور آپس میں مکالمات کا تبادلہ کرتے تھے لیکن طبل کے شور میں تو کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی اس لئے یہ قانون تھا کہ ایک پہلوان ہاتھ کے اشارے سے جنگ کے طبل خاموش کروا دیتا تھا تاکہ اس کی بات مقابل بھی سن سکے اور اس کی فوج بھی سن سکے، تمیم بن قحطبہ ملعون نے ہاتھ کا اشارہ کیا تو بجتے ہوئے طبل ایک دم خاموش ہو گئے ، اس کے بعد اس ملعون نے جگر خراش آواز کے ساتھ بکواس کرنا شروع کی اور کہا کہ اے فرزند رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم آپ نے اب خصومت اور دلیری کیا دکھانی ہے اب تو آپ کا کوئی بھی باقی نہیں رہا، اے شہنشاہ کربلا علیک الصلوات والسلام ہماری اور آپ کی دشمنی ایسی ہے کہ جو کبھی ختم ہونے والی ہے ہی نہیں ، دیکھو ہم نے آپ کے عزیز واقارب شہید کیے ہیں ، آپ کے پاک بھائیوں کا خون بہایا ہے مگر ہماری عداوت اور دشمنی کی آتش ابھی تک ٹھنڈی نہیں ہوئی، آپ کے بھائی، بیٹے، بھتیجے اور انصار شہید کرنے کے بعد بھی دشمنی کی تشنگی اور پیاس ابھی تک باقی ہے، میں نے آپ کو جنگ کرتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور میں داد دیتا ہوں کہ آپ نے ہزاروں جوانوں کے دستے کا منہ موڑدیا ہے، بہ حیثیت جوان کے میں اس شجاعت کی داد دیے بغیر نہیں رہ سکتا،میں کافی مدت سے آپ کے ساتھ جنگ کرنے کا خواہش مند تھا، سارا دن اسی انتظار میں رہا کہ میں آپ کے روبرو آؤں مگر اب تک آپ کے اور میرے درمیان آپ کے اصحاب وانصار اور آپ کے بھائیوں اور بیٹوں کی تلواریں حائل رہیں اور تقدیر نے اب مجھے موقعہ دیا ہے ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار