

Loading content...
میں تو کافی دیر سے انتظار میں ہوں، مجھے بھی تو اپنی نصرت کا موقعہ عطا فرمائیں، بابا جانؐ! اگرچہ میں کمسن ہوں اور اپنے پاؤں پر چل کر میدان میں آنے سے بھی قاصر ہوں مگر اسلام کی ناؤ کو ساحل مراد تک پہنچانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہوں، میری لاکھ جانیں آپ کی پاک نعلین پر نثار، آپ مجھے کمسن نہ سمجھیں، مجھے ایک بار اپنی نصرت کا موقعہ عطا فرمائیں، میں آج ایسی نصرت کروں گا کہ کائنات میری چند لمحاتی نصرت کو تاقیامت یاد رکھے گی، میری خاموشی کے خطبات اسلام کا بھرم رکھنے کیلئے کافی ہوں گے ، میرے گلوئے نازک سے بہنے والے خون کے چند قطرے وحدت کا بھرم بن جائیں گے ، میری شہادت سے وہ ہنگامہئِ درد برپا ہو گا کہ قصر باطل کی بنیادیں تک ہل کر رہ جائیں گی اور جب میرا سر طورِ وفا پر بلند ہوگا تو توحید و نبوت کو اس وقت معراجِ حقیقی حاصل ہوگا اور پھر کبھی بھی اسلام کا علم سرنگوں نہیں ہوگا ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار