

Loading content...
اس وقت ان معصوم شہزادوں نے اپنے قدم اس ملعون کی جانب بڑھائے، یہ اس ملعون کے اتنے قریب آچکے تھے کہ جناب محمد علیہ الصلوات والسلام نے بڑھ کر اس ملعون کے گھوڑے کی باگ میں ہاتھ ڈالا، اس وقت عامر بن نہثل (نہشل) تمیمی ملعون نے اس معصوم علیہ الصلوات والسلام کو ایک تحفہ پیش کیا، یہ وار اتنا شدید تھا کہ اس شہزادے نے زین کو خیر باد کہا،شہنشاہِ وفا علیہ الصلوات والسلام جو ایک اونچے مقام پر کھڑے یہ جنگ دیکھ رہے تھے اور اپنے پاک لعلوں کو داد بھی دے رہے تھے ،اچانک وہ روتے روتے زمین پر بیٹھ گئے، ادھر امام مظلوم علیہ الصلوات والسلام تڑپ کر کرسی سے اٹھے، خیام کی طرف رخ کر کے فرماتے ہیں اے پاک بہن ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے وفادار بھائی بے ساختہ روتے ہوئے زمین پربیٹھ گئے ہیں،ان کے اس طرح روتے ہوئے بیٹھ جانے سے ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ کے لخت جگرجناب محمدؐ علیہ الصلوات والسلام زین چھوڑ چکے ہیں،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ظالمین آپ کے لخت جگر پر ظلم کر رہے ہیں، یا پھر صدقہ سمجھ کر تبرکاً آپس میں تقسیم کررہے ہیں ، یا شاید جناب جعفر طیار علیہ الصلوات والسلام کا فرزند سمجھ کر انہیں سہرے پہنا رہے ہیں اور شہادت کی سیج پر سوئے ہوئے معصوم کو مہندی لگا رہے ہیں۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار