

Loading content...
میں عرض کر رہا تھا کہ جس وقت حصین بن نمیر تمیمی ملعون کو منقذ بن مرہ عبدی ملعون کا ساتھی بنایا گیاتواس کا باپ مرہ عبدی ملعون بھی ساتھ تھایہ تینوں ملعون میدان میں آئے ۔انہوں نے جنگ کا محاذ دیکھا اور یہ دیکھا کہ شبیہہ پیغمبرعلیہ الصلوات والسلام جس سمت میں حملہ کرتے ہیں تواس سمت میںکافی دور تک فوجوں کا صفایا کر دیتے ہیں پھر دوسری سمت میںحملہ آور ہوتے ہیں اس انداز کو دیکھ کریہ تینوں ملعون میدان کی اس سمت میںآئے جس سمت میںشبیہ پیغمبرعلیہ الصلوات والسلام اس وقت حملہ آور تھے ان ملعونوں نے دیکھا کہ اس سمت میں کھجور کے دو درخت ہیں انہوں نے مشورہ کیا کہ ہم میں سے ایک آدمی دائیں طرف والی کھجور کے پیچھے چھپ جائے اور دوسرا دوسری کھجور کے پیچھے گھات لگا کر بیٹھ جائے امکان یہ ہے کہ پاک شہزادہ علیہ الصلوات والسلام جس انداز سے حملہ کر رہے ہیں وہ ان کھجوروں کے درمیان میں سے آ کر گزریں گے ،جس وقت وہ ان کھجوروں کے درمیان میں آئیں تو پھر دیکھنا یہ ہے کہ وہ جس کی زد میں ہوں وہ پہلے خاموش رہے دوسری سائیڈ والا انہیں للکارے اور شہزادہ پاک علیہ الصلوات والسلام کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائے جس وقت وہ اس کی طرف متوجہ ہوں تو دوسرا کہ جس کی وہ زد میں ہوں وہ چھپ کر وارکرے امید ہے کہ یہ وار کار گر ہوگا ،یہ سوچ کر یہ تینوں ملاعین تین مختلف مقامات پر چھپ گئے دو کھجوروں کے ساتھ اور تیسرا ایک نشیبی جگہ میں۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار