

Loading content...
اس وقت ابن زیاد ملعون نے اپنے خاص پلوڑے پہلوان صفوان بن حنظلہ کو بلایا یہ ملعون پہلے ہی اپنے ہونٹ چبا رہا تھا کہ کسی طرح اسے جناب حر علیہ السلام کے ساتھ اکیلے جنگ کا موقع مل جائے اُس وقت ابن سعد ملعون نے اسے کہا کہ تم جناب حر علیہ السلام کو جا کر شہید کرآؤ ، پہلے انہیں سمجھانے کی کوشش کرنا اگر وہ نصیحت حاصل کر کے دوبارہ ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں تو بہتر ورنہ تم انہیں شہید کر کے ان کا سر میرے پاس لے آنا ، یہ ملعون اپنی فوج سے باہر آیا یہ پوری طرح لوہے میں غرق تھا ،حالت یہ تھی کہ اس ملعون کے سر پر لوہے کا خود تھا، جسم پر لوہے کی زرہ تھی، کلائیوں سے کہنیوں تک سعد بند تھے، گویا اس کا پورا جسم لوہے میں چھپاہوا تھا، اس ملعون نے آکر جناب حر علیہ السلام کو سمجھانے کی کوشش کی کہ آپ کو اپنی وفاداریاں نہیں بدلنی چاہئیں تھیں بلکہ جس طرح آئے تھے ویسے ہی رہنا چاہئے تھا ، جناب حر علیہ السلام نے صفوان سے فرمایا کہ او ملعون میں تمہیں کوفیوں میں سے سمجھدار آدمی سمجھتا تھا مگر آج تمہاری باتیں سن کر مجھے احساس ہوا ہے کہ تم جیسا احمق کوفہ میں کوئی نہیں ، کیونکہ تم مجھے کہہ رہے ہو کہ میں فرزند رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو چھوڑکر ایک شراب خور اور زنازادے کی اتباع کروں، کیا اس بات کو کوئی شریف زادہ پسند کر سکتا ہے؟ جناب حر علیہ السلام کی یہ بات سن کر صفوان بن حنظلہ ملعون بوکھلا گیا اوراس نے جناب حرسلام اللہ علیہ پر نیزے کا وارکیا،جناب حر علیہ السلام نے اس کے آتے ہوئے نیزہ کو اپنی تلوار کی ضرب سے دو ٹکڑے کیااور پھر اپنے نیزے کو ہاتھ میں لے کر اس ملعون کی طرف اپنا راہوار بڑھایا اور اسے للکار کر کہا اب تم بھی سنبھل جائو، یہ کہتے ہوئے اس پر اپنے نیزے کا ایسا زبردست وار کیا کہ نیزہ ملعون کی زرہ سے پار ہوتا ہوا اس کے جسم میں داخل ہوا پھر جسم کو چیر کر اس کی پشت کی طرف سے زرہ کی کڑیوں کو توڑتا ہوا ڈیڑھ فٹ کے برابر اس کی پشت سے باہر نکل گیا، اُس وقت لشکر شام نے اُن کے قوتِ بازو کی بیساختہ داد دی اوراِدھر شہنشاہِ وفا علیہ الصلوات والسلام کی زبان سے بھی بے ساختہ مرحبا نکلا،
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار