

Loading content...
جس وقت یہ کاروانِ تسلیم ورضا منزلِ ثوق سے منزل زبالہ کی طرف روانہ ہوا تو اس وقت اگلے حفاظتی دستے نے دیکھا کہ ایک ناقہ سوار اپنی ناقہ کو تیز دوڑاتا ہوا آرہا ہے، اُس وقت محملوں کو روک دیا گیا اور ایک سوار نے جاکر اسے راستہ چھوڑنے کا اشارہ کیا، اس ناقہ سوار نے راستہ چھوڑ دیا اور اپنی ناقہ کو راستہ سے ہٹا کر منہ دوسری طرف کر کے کھڑا ہوگیا، جس وقت پاک محمل گزرگئے تو محملوں کے پیچھے پیچھے امامِ مظلوم علیہ الصلوات والسلام اپنے مرتجز پر سوار ہو کر گزرے ،جس وقت وہ اس ناقہ سوار کے سامنے آئے تو انہوں نے آگے جانے کی بجائے اپنے پاک رہوار کا رخ اس ناقہ سوار کی طرف موڑ دیا اور اپنے رہوار کو اس کی ناقہ کے قریب لے گئے، وہاں جا کر شہنشاہِ معظم علیہ الصلوات والسلام نے سلا م کیا، اس نے اچھے طریقے سے سلام کا جواب دیا، پھر شہنشاہِ کربلا علیہ الصلوات والسلام نے فرمایا بھائی آپ کس طرف سے آرہے ہیں بصرہ کی طرف سے یا کوفہ سے؟
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار