

Loading content...
یہ دونوں بھائی یعنی جناب عبداللہ علیہ الصلوات والسلام اور جناب محمد حنفیہ علیہ الصلوات والسلام 19 ذوالحجہ کی صبح کو مکہ سے مدینہ پہنچے اورعلی الصبح شہنشاہ مظلومیت علیہ الصلوات والسلام کی زیارت کر کے واپس آئے تو آکر دونوں بھائیوں نے مشورہ کیا کہ کسی بھی صورت شہنشاہِ مظلومیت علیہ الصلوات والسلام کو مدینہ میں رہنے پر مجبور کیا جائے، یہاں یہ بھی عرض کرتا چلوں کہ جناب محمد حنفیہ علیہ الصلوات والسلام غیرت اور شجاعت کے ایسے مرقّعٔ عظیم تھے کہ انہیں اگر ثانی سجاد علیہ الصلوات والسلام کہا جائے تو مبالغہ نہیں ہو گا، جس وقت ان کے سامنے بار بار امامِ مظلوم علیہ الصلوات والسلام نے مستقبل کے واقعات بیان کئے اور مسلسل فرمایا کہ ہم نے کربلا جانا ہے اور ہمیں اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اور اللہ جلَّ جَلَالَہ کا حکم ہے اور ہمیں شہید ہونا ہے ، توجس وقت یہ اس طرح کی باتیں سنتے تھے تو اِن کے دل کو یہ تسلی رہتی تھی کہ ہم بھی توساتھ ہی شہید ہوں گے، ہم بھی تو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں گے، ان کی حقیقی خواہش تو یہ تھی کہ امامِ کائنات علیہ الصلوات والسلام مدینہ نہ چھوڑیں بلکہ اپنی نیابت میں ہمیں قربان کر دیں مگر یہ بات تو وہ نہیں منوا سکتے تھے بس اپنی شہادت کا تصور کر کے اپنے دل کو تسلی دے لیتے تھے ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار