

Loading content...
میں یہ پہلے بھی عرض کرچکا ہوں کہ جب قافلے روانہ ہوتے تھے تو وہ شام سے پہلے ہی شہر سے باہر جا کرخیمہ زن ہو جاتے تھے تاکہ کسی نے شامل ہونا ہو تو شامل ہو جائے ، اس لئے شام ہونے سے پہلے مدینہ جانے والا قافلہ بھی کوفہ کے باہر خیمہ زن ہو گیا، جس وقت رات ہوئی تو کوفے میں سپاہی گشت کر رہے تھے اس لئے قاضی شریح نے معصوم بچوں کو تھوڑا دیر سے تیار کیا اور انہیںکہا کہ اب آپ مدینہ جائیں گے اورانہیں تاکید کی کہ قافلے میں اگر کوئی پوچھے تو آپ نے یہ نہیں بتانا کہ ہم امیر مسلم علیہ الصلوات والسلام کے شہزادے ہیں،آپ کے ساتھ یہاں سے میرا بیٹا اسد جائے گا جوآپ کو قافلے تک پہنچا دے گااور آگے سعد کندی لے کر جائے گا ،اس نے یہاں سے معصوم شہزادوں کو تیار کر کے روانہ کر دیا رات کا وقت تھا ابھی 16ذوالحجہ کا چاند طلوع نہیں ہوا تھا کہ جس وقت یہ قاضی کے گھر سے روانہ ہوئے اور آہستہ آہستہ چلتے ہوئے جس وقت یہ کوفے کے دروازے سے گزر کر قافلے کے پڑائو تک پہنچے تو چاند طوع ہو چکا تھا اور قافلہ وہاں سے تھوڑی دیر پہلے ہی روانہ ہو چکا تھا مگر زیادہ دور نہیں گیا تھا بلکہ ہلکی ہلکی چاندنی میں قافلے کی گردِ سفر نظر آرہی تھی، اسد بن قاضی شریح نے ان معصوم شہزادوں سے کہا کہ سامنے قافلہ جا رہا ہے آپ جلدی جلدی دوڑ کر اس قافلے میں شامل ہو جائو، قافلہ میں سعد کندی کا پوچھ کر اس کے ساتھ شامل سفر ہو جانا۔ (R_151)
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار