

Loading content...
عین اُس وقت جناب عقبہ بن سمعان خیمے میں داخل ہوئے انہوں نے آداب شاہی کو ملحوظ رکھتے ہوئے سلام عرض کیا شہنشاہِ معظم علیہ الصلوات والسلام نے انہیں جواب دیااورپھر ان کی طرف استفہامیہ نگاہ فرمائی انہوں نے عرض کیا یا بن رسول اللہ صل اللہ علیہ و آلہ وسلم قیس بن مسہر الصیداوی الاسدی اذنِ باریابی چاہتا ہے، امام پاک علیہ الصلوات والسلام نے سر پاک کی جنبش سے اذن بار یابی عطا فرمایا،تھوڑی ہی دیر کے بعد جناب عقبہ کے ساتھ قیس بن مسہر الصیداوی الاسدی اور جناب یحییٰ بن ہانی (جناب ہانی کے فرزند) اور جناب سعید بن عبداللہ سر جھکائے خیمے میں داخل ہوئے ان کے ہاتھوں میں اون کے بنے ہوئے تھیلے تھے ، انہوں نے جھک کر کریمِ کربلاعلیہ الصلوات والسلام کی خدمت میں سلام پیش کیا اور اس کے بعد تھیلے ان کے سامنے رکھ دیئے اُن تھیلوں میں اہل کوفہ کے خطوط کی آخری کھیپ تھی یہ تینوں قاصد 600کے لگ بھگ خط لے کر آئے تھے ان خطوط کو ملا کر کوفیوں کی جانب سے لکھے گئے خطوط کی تعداد 30,000ہو گئی تھی،یہ تینوں قاصدشعب ابی طالب میں 10رمضان یعنی 13جون بروز ہفتہ پہنچے تھے اور آج کریمِ کربلاعلیہ الصلوات والسلام نے انہیں آخری جواب عطا فرمانا تھا ، انہوں نے خطوط سے بھرے ہوئے وہ تھیلے کریمِ کربلاعلیہ الصلوات والسلام کے سامنے انڈیل دیئے، ان خطوط کے مضمون کیا تھے اس موقع پر ان کی تفصیل عرض نہیں کروں گا صرف اتنا بتانا چاہتا ہوں کہ ان سب میں سرکار امامِ کائنات علیہ الصلوات والسلام کو کوفہ آنے کی دعوت دی گئی تھی اور کچھ اس انداز میںدعوت دی گئی تھی کہ اگر آپ کوفہ تشریف نہ لائے تو ہم فاسق و فاجر کی بیعت قبول کر لیں گے اور اپنی جملہ گمراہیوں کا ذمہ دار آپ کے نانا پاک صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سامنے صرف اور صرف آپ کو ٹھہرائیں گے ورنہ ہر صورت میں تشریف لے آئیں اور ہمیں گمراہ ہونے سے بچائیں،
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار