

Loading content...
یہ تمام امور آپ ہی کے ذریعے ہوں گے کیونکہ انسان اس زمانے میں امراض روحانی میں مبتلا ہوں گے مگر آپ کے رفقاء اور اعوان و انصار کو ان امراض سے کوئی اثر نہیں پہنچے گا وہ بالکل صحیح و سالم رہیں گے اور آپ کی مقبولیت کا اس وقت یہ عالم ہو گا کہ ایک بچہ تک جو اپنے گہوارے میں ہو گا وہ بھی آپ سے بعیت کرنے کے لیے گہوارے سے حاضر ہونے کی آرزو کرے گا ،لیکن وہ شخص جو صراط مستقیم سے دور اور بہائم کی طرح عالم وحشت میں گرفتار ہو گا وہ البتہ آپ کی طرف مائل نہ ہو گا تمام دنیا آپ کی خدمت سے سعادت حاصل کرکے اپنی زندگی چین سے بسر کرے گی آپ کی وجہ سے عزت و ثروت کی شاخیں تر و تازہ ہوں گی اور اپنے جوش و مسرت میں فرط محبت سے جھومنے لگیں گی اور عزت و وقعت کی عمارت اپنے مقام پر قیام و قرار کرے گی اور احکام شریعہ اور نصا ب دینیہ کے مرغان گم کردہ آشیاں آپ کی عنایت و اعانت کی وجہ سے پھر اپنے اپنے سابق مقام پر پہنچ جائیں گے اسباب فتح و ظفر آپ کے لیے برسائے جائیں گے اس وقت آپ اپنے دشمنوں کے گلے گھونٹ ڈالیں گے اور اپنے رفقاہ اور اصحاب کی امداد و اعانت فرمائیں گے پس اسی زماے میں تمام روئے زمین پر کوئی ایسا ستم گر نہیں رہے گا جو امر حق سے عدول کرنے والا ہو گا اور نہ کوئی ایسا منکر و مخالف ہو گا جو احکام حقہ کو ذلیل و حقیر جاننے والا ہو گا اور نہ آپ کا کوئی دشمن رہے گا اور نہ کوئی عیب لگانے والا اور نہ ہی کوئی ایسا مخالف رہے گاجو آپ کے امور سے اعراض و اغماض کرے پس جو بندہ تفضلات الٰہی پر توکل اختیار کرتا ہے خدا اس کی ہی مدد کرتا ہے کیونکہ خدائے قادر و توانا جس شئے کا ارادہ کرتا ہے وہ اپنی قدرت سے پورا اور مکمل ہو جاتا ہے ۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار