

Loading content...
من سے مسلسل جنگ کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے جب انسان مجاہدہِ نفس کی جانب بڑھتا ہے تو بستر خواب کو ترک کرکے خود کو مہیائے جہاد کرتا ہے خنجر خاموشی کھینچتا ہے شمشیر گرسنگی (بھوک) موزوں کرکے نیزہ ِتنہائی لگاتا ہے سپر ِ تسلیم ورضا سامنے رکھتا ہے سلاح ِ صبر وقناعت بدن پر آراستہ کرکے رکابِ توکل میں قدمِ ثبات ڈال کر شبدیز شوق پر سوار ہوتا ہے محبوب کی محبت ورفاقت اور عقل کی رہنمائی سے بقوتِ صدق و یقین میدانِ طلب ِ مولیٰ میں قدم رکھتا ہے رہزنانِ تخلیات کو مردانہ وار قتل کرتا ہوا ملک حقیقت میں قدم رکھتا ہے یہ جنگ دو چار دن کی نہیں ہوتی من کی مملکت پر تسلط حاصل کرنا آسان نہیں کئی فارسانِ اعمال اس منزل پر تھک کر بیٹھ جاتے ہیں اس جنگ میں نفس جتنا جتناس تھکتا جائے گا زخمی ہوتا جائے گا باطن میں لطافت پیدا ہوتی جائے گی گویا نفس نہیں چاہتا کہ اس کے گر دچھائے ہوئے بادل چھٹ جائیں وہ تو اندھیروں کا عادی ہے مگر جب اس کی خواہشات کے برعکس ہونا شروع ہوتا ہے تو یہ صیقل ہوتا جاتا ہے اس کا زنگ اتر جائے گا تو یہ شفاف ہوتا جائے گا لطیف ہوکر الطف کے اتصال کی استعداد پیدا کر لے گا دل کی آنکھیں کھل جائیں گی
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار