

Loading content...
حمد ہے اس پراسرار ذات کی کہ جس کے اسرار سے کماحقہ نہ کوئی نبی واقف ہے نہ کوئی ولی نہ کوئی مرسل اور نہ کوئی دوسرا مقرب حتیٰ کہ اس کے اسرارِ ذات سے خود اس کے اسماء و صفات بھی اپنے مرتبہ اوصافیہ کے باوصف کبھی واقف نہیں ہو سکتے کیوں کہ یہی اس کی پراسراریت ہے کہ جو کبھی بھی کھل نہیں سکتی یہی اس کی رازداری ہے کہ جو کبھی بھی منکشف نہیں ہو سکتی یہی اس کی مکنونیت ہے کہ جو کبھی منصہ شہود میں نہیں آسکتی یہی اس کی الوہیت ہے کہ جو کبھی اپنے مالوہ کے دائرۂ ادراک کونہیں چھو سکتی کیونکہ اس کے اور اس کی مخلوق کے مابین حجابات قھریہ ذاتیہ ہی اس کا پردہ بنے ہوئے ہیں۔ حجابات قھریہ ذاتیۂ کوئی دوسری چیز نہیں بلکہ اس کی اپنی ذات ہے کیونکہ اس کے حریم ذات میں غیر کا تصور بھی کفر ہے کیونکہ وہ ایسا احد ہے کہ جس کے ما قبل وما بعد کوئی عدد نہیں اور نہ ہی وہ عدد مرکب ہے نہ معدد نہ وہ قابل تقسیم ہے نہ قابل تجزیہ وہ ایک ایسی اکائی ہے جو سب سے محیط ہوکر اپنے محاط کی چادر سے رخ ِزیبا نہیں دکھاتی ہاں اگر کوئی اس کے دیدار کی حسرت لے کر بڑھتا ہے تو وہ اپنے لامتناہی کرم کے پیش نظر اسے کبھی مایوس نہیں فرماتی اور اپنے دیدار سے تشنہ نگاہوں کو سیراب فرمانا اپنے دعوئے کرم کا ثبوت مانتی ہے ہاں اس میں وہ اپنے اظہار کیلئے ایک مظہر کو اختیار فرماتی ہے کہ جس کے جسم منور و مروح سے اپنے انوارِ ذات کا مشاہدہ کرواتی ہے مگر اس کیلئے طلب صادق خلوص نیت جہد مسلسل پاکیزہ سوچ اور مذکیٰ نفس کی ضرورت ہوتی ہے۔
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار