

Loading content...
مادیات سے ماوریٰ کائنات سے ارتباط پیدا کرنا روحانیت کا شعبہ ہے جہاں جملہ مادی وسائل ساتھ چھوڑ دیتے ہیں نیچر(فطرت) جہاں پروازنہیں کر سکتی وہاں روحانیت کے شہپر انسان کوطاقتِ پرواز عطا کرتے ہیں باقی مذاھب کواگر علیحدہ کردیا جائے تو اسلام میں ہمیں آجکل روحانی بلندیوں کو چھونے کا درس تو ملتا ہے مگر اس میں کوئی پراسس(طریقہ کار) موجود نہیں ہے کہ انسان کس طرح روحانیت میں ترقی کر سکتا ہے اسلام کے ماضی قریب تک مومنین اور اولیاء کرام سے کرامات کا ظہور ھوتا رہا ہے ۔خاندانِ تطہیر علیھم الصلوات والسلام کے غلاموں کے کرامات کے تذکروں سے کتب چھلک رہے ہیں اور ان لوگوں نے کرامات و معجزات کی طاقت سے اسلام کا سکہ منوایاہے مگر آج صاحبان علم کا دامن متنازعہ مسائل پہ بحثوں سے لبریز ہے اور روحانی ترقی کیلئے ھمیں کیا کرنا چاہیے اس سوال کا جواب کوئی نہیں دیتا ۔آج مقررین و واعظین خود روحانیت کی لذت سے محروم ہیں فلسفہ منطق و بیان کے زور پر اپنی بڑائی ثابت کررہے ہیں اور روحانیت کے شرابِ طہورکی ایک بوند کی لذت سے بھی نا آشناہیں جاپان نے دنیا کو مارشل آرٹ سے متعارف کروایا ہے جس میں جوڈو کراٹے جکاڈو کنگفو وغیرہ ہیں ان لوگوں نے اس فن کے طلباء کیلئے جو ایکسر سائزز بنائے ھوئے ہیں ان میں یوگاکی ریاضتیں بھی شامل ہیں مثلا ایک گھنٹہ ہر پہلوان حبس دم کی ورزش کرتا ہے اورمہاتما بدھ کے مجسمے کے سامنے آسن جمائے یکسوئی کے ساتھ سانس روکنے کی ریاضت کرتا ہے ان لوگوں نے ریاضتِ نفس کو کھیل میں داخل کردیا ہے ادھر عالمِ اسلام ہے تو ان کے عبادات میں ریاضتِ نفس مفقود ہے تو پھر یہی سوال ذہن میں آتا ہے کہ کیا جس مذھب میں ریاضت نفس اور روحانیت نہ ھو وہ مذھب مذھب کہلوانے کا حقدار ہے؟ کیا ھمارے مروجہ اسلام میں جو بے جان نمازیں موجودہیں کیا ان کے سہارے انسان روحانیت کی کسی اعلی منزل تک پہنچ سکتاہے؟ یاپہنچابھی ہے؟ کیا انسان پانچوں فقہیں یاد کرنے کے بعد عالم بالا سے رشتہ جوڑ سکتا ہے؟؟
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار