

Loading content...
یہ تو میں کئی مرتبہ دہرا چکا ہوں کہ درد کی اصل بنیاد جدائی ہوتی ہے یعنی مال سے جدائی ہویا اولاد سے، محبوب سے جائداد سے … یہ درد چاہے جسمانی ہو یا نفسی و روحی ان سب کی بنیاد جدائی اور ہجر پر قائم ہوتی ہے … آپ دیکھیں کہ انسان کو جب کوئی کانٹا چبھتا ہے تو جسم کو درد محسوس ہوتا ہے اگر آپ دیکھیں تو کانٹا دراصل جسم کے دو خلیوں کے مابین جدائی ڈالتا ہے تو جسم کو احساس درد ہوتا ہے یعنی درد جہاں بھی ہو اس میں جدائی کا عمل دخل ضرور ہوگا … اسی طرح امت ِعاشقیں کی روحیں اس دنیا میں آنے سے پہلے اعلیٰ علیین میں محفل معصومین علیہم الصلوات والسلام میں رہا کرتی تھیں مگر انہیں اس دنیا میں بائی آرڈر (By-order) آنا پڑا تو روح کیلئے یہ آنا ایک قیامت تھا اور یہ دنیا ایک قید خانہ تھی جیساکہ فرمایا گیا ہے الدنیا سجن المومن … یعنی یہ دنیا مومن کیلئے قید خانہ ہے … اور روح کو جو سب سے پہلے احساس ہوتا ہے وہ جدائی کا ہوتا ہے او ر پوری زندگی آدمی کی روح بیقرار رہتی ہے اور اسے اندر سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ کوئی چیز مِس کر رہا ہے ہر فرد اس چیز کو معلوم نہیں کر سکتا کہ وہ چیز کون سی ہے جس کی وہ کمی محسوس کر رہا ہے مگر ایک گمنام درد اس کے من میں چٹکیاں کاٹتا رہتاہے اور وہ درد جدائی ہوتا ہے اس محبوب کا جس کی بزم قدسی کو چھوڑ کر وہ اس دنیا میں آیا تھا یہی سب سے بڑا غم ہے جو شہنشاہ زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظہور اجلال سے دور ہونا ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار