

Loading content...
اب ہم دعائے عہد کے فقرے کی طرف آتے ہیں تو یہاں یہ عرض کیا جا رہا ہے کہ ہمارے شہنشاہ زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف اور ان کے آبائے طاہرین کیلئے ایسی صلوات موزوں و مناسب و شایان شان ہو کہ جو عرشیت کی حامل ہو یعنی جس میں تمہارے انوار کا عکس موجود ہو جو عرش کی زینت ہو جو اتنی ثقیل ہوکہ ثقل اکبر کے حضور میں پیش ہونے کے قابل بن جائے … یہ بھی کہاجاتا ہے کہ ہر چیز کا عرش جداگانہ ہے اور ہر چیز کیلئے عرش سے مراد وہ مقامِ کمال و عروج ہوتا ہے کہ جہاں وہ متصل باللہ ہوجاتی ہے اس لئے ہر چیز کا عرش بلحاظ نوعیت و ادنیت و عالیت متفاوت بلندیوں کا حامل ہوتا ہے مثال کے طور پر عرض کروں گا کہ اگرایک چیز ایک میل اونچائی تک جا سکتی ہے اور اس سے اوپر جانے کی اس میں استعداد موجود ہی نہیں تو اس کا اتصال باللہ کا مقام ایک میل ہی پر ہوگا اور اگر کوئی چیزاربوں کھربوں نوری سال کے فاصلوں تک رسائی رکھتی ہے تو اس کا مقام اتصال باللہ اتنے ہی فاصلے پر ہوگا اور وہی اس کیلئے عرش قرار پائے گا اور یہ شانِ معبود ہے کہ وہ اپنی مخلوق کو تکلیف مالایطاق نہیں دیتا ہے مخلوق کی استعداد کو دیکھتے ہوئے رحمت فرماتے ہوئے اسے کم سے کم درجوں اور زیادہ سے زیادہ درجوں تک واصل فرمادیتا ہے بالفاظ دیگر جب کوئی بھی اپنے نقطۂ کمال کو پہنچتا ہے عرش پر پہنچ جاتا ہے اور اللہ اسی مقام کو اس کیلئے عرش قرار دیتے ہوئے اپنے انوار سے واصل فرما دیتا ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار