

Loading content...
دوستو!… اگر ہم متصوفانہ اخلاقیات کا مطالعہ کرتے ہیں تو وہاں یہ بات اپنے انداز میں بیان کی جاتی ہے اور وہ کہتے ہیں کہ شر کا وجود ہے ہی نہیں کیونکہ شر اللہ جل جلالہ کی تخلیق ہے ہی نہیں بلکہ شرکا وجود ظلی ہے جو وجود ہوتا ہی نہیں ہے… خیر کا وجود حقیقی ہے وہ کہتے ہیں کہ جب سلسلہ تخلیق میںخیر کو اذن نمود بخشا گیا تو وہ نورانی شکل میں نمودار ہوئی تو اس کی نمودسے ظلی انداز میں شر پیدا ہوگیا جیسا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ سورج جب چمکتا ہے تو وہ روشنی کو پیدا کرکے پھیلاتا ہے مگر زمین پر کثیف چیزوں سے سایہ خود بخود بن جاتا ہے اسی طرح اللہ جل جلالہ نے جب خیر کو پیدا کیا تو اس کی چمک میں آنے والی اشیا میں جو کثافت تھی اس نے شرکو جنم دیا ورنہ کسی اچھے سے برائی کا صدور نہیں ہوتا تو جو خیر محض اور خیر کل ہے احسن الخالقین ہے اس سے شر کا صدور ممکن ہی نہیں ہے لیکن جہاں تک اس کی ربوبیت کا تعلق ہے تو وہ خیر کا بھی رب ہے اور شرکا بھی رب ہے وہ خیر کو بھی پالتا ہے شر کوبھی پالتا ہے وہ ابوذر کو بھی رزق دیتا ہے اور وہ ابوجہل کو بھی رزق عطا فرماتا ہے وہ مقداد وسلمان کا بھی رب ہے اور یزیدملعون اور ابوسفیان کا بھی ہے اس نے انہیں بھی نعمات دنیا عطا فرمانا ہیں اس لئے اسے رب الظل والحرور کہاجاتا ہے کیونکہ مومن ہو، کافر ہو،ظالم ہویا مظلوم وہ کسی بھی مخلوق سے اپنی ربوبیت کو منقطع نہیں کرسکتا … یہ غیبت کی طویل رات ہے اہل شر اور شر کا دور ہے اس میں رب جلیل جل جلالہ نے اہل شر سے دست نعمات نہیں کھینچنا اس لئے اس کی ربوبیت کی ڈھیل اور رحمانیت کے طفیل شر ارتقا پذیر ہوتا ہے اور اس کی طغیانی و طغاوت میں اضافہ ہوتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ خیر کا بھی رب ہے کیونکہ خیر کا مصدر بھی وہی ہے اس لئے اس پر دوطرح سے نعمات فشانی کرتا ہے ایک بوجہ رحمانیت اور ایک بوجہ رحیمیت یعنی رحمانیت کی وجہ سے انہیں دنیا کی نعمات عطا فرماتا ہے اور رحیمیت کی وجہ سے انہیں عقبیٰ سے بھی نوازا جاتا ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار