

Loading content...
اس کی مثال ایسی ہے کہ جب رات ہوتی ہے تو سارے پرندے خاموش ہوتے ہیں صرف الّو بولتے ہیں پھر جب آدھی رات گزرجاتی ہے تو مرغ وغیرہ آذانیں دیتے ہیں کہ صبح کاذب ہونے والی ہے پھر جیسے جیسے صبح قریب آتی جاتی ہے ایک ایک کرکے پرندے جاگنا اور بولنا شروع کردیتے ہیں اور کہتے ہیں الیس الصبح بقریب… اور جب سورج نکلنے کے قریب آجاتا ہے تو پھر سارے پرندے بول رہے ہوتے ہیں جو بتاتے ہیں کہ ابھی سورج نکلنے والا ہے اور ابھی سورج افق مشرق سے طلوع ہوا ہی نہیں ہوتا کہ سارے پرندے گھونسلوں سے باہر آجاتے ہیں اور دن کے کاموں میں مصروف ہوجاتے ہیں … اسی طرح سرورکونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی آمد سے پہلے پوری فضا میں الو بول رہے ہوتے ہیں اس کے بعد حق کی آوازیں بلند ہونا شروع ہوجاتی ہیں اور مبشرات شہنشاہ یزداں اجلال عجل اللہ فرجہ الشریف کی آمد کے نقیب بن کر ان کی آمد کا اعلان کرنا شروع کر دیتے ہیں کبھی تبان بن اسعد ابی کرب تبعِ یمن ان کی آمدکااعلان کرتا ہے تو کبھی یہودی ربی اعلان کرتا ہے، کبھی کوئی عیسائی راہب اعلان کرتا ہے تو کبھی کوئی کاہن آذان دیتا ہے کہ شہنشاہ یزدان اجلال عجل اللہ فرجہ الشریف کی دنیا پر آمد ہونے والی ہے اور پھر گلی گلی کوچے کوچے یہ آواز پہنچ جاتی ہے اور ساری دنیا کو معلوم ہوجاتا ہے کہ ایک ذات نے دنیا میں ظہور فرمانا ہے اس میں نجاشی اپنے طور پر جانتا ہے، قیصر اپنے طور پر، کسریٰ اپنے طور پر، تبع اپنے طور پر، منذر اپنے طور پر، یعنی سارے اپنی اپنی سورس (Source) کے حوالے سے جان چکے ہوتے ہیں کہ آنے والے کے آنے کا وقت قریب ہے اور اس کے بعد جب ظاہراً ظہور فرماتے ہیں تو آثار وشواہد بزبان حال ان کی آمد کا اعلان کرتے ہیں، قصر کسریٰ کے کنگرے گرکر اعلان کرتے ہیں، وادی سماوا میں دریا جاری ہوکر اعلان کرتا ہے، آسمان سے ستارے ٹوٹ کر اعلان کرتے ہیں، فارس کے ہزاروں سالہ روشن آتش کدے خاموش ہوکر اعلان کرتے ہیں اور سب سے آخر میں سرورکونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اپنا اعلان فرماتے ہیں
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار