

Loading content...
ایک دن دربار لگا ہوا تھا ایاز موجود نہیں تھا کہ محمود غزنوی نے ایک نایاب قسم کا کوئی ہیرا جیب سے نکالا اور سب کو یہ بتایا کہ یہ ہیرا لاکھوں دینار کی قیمت کا ہے اور یہ اسے فلاں بادشاہ نے بطور تحفہ بھجوایاہے … اس کے بعد اس نے حکم دیا کہ دربار میں ہتھوڑا اور ایک پتھر لایا جائے … اس کے حکم کی تعمیل ہوئی … اس نے ایک وزیر سے کہا کہ یہ ہیرا لو اور اسے پتھر پر رکھ کر ہتھوڑے سے توڑ دو … اس وزیر نے کہا بادشاہ سلامت یہ ہیرا تو بہت قیمتی ہے میں اس ہیرے کو توڑ کر بادشاہ سلامت کا نقصان نہیں کر سکتا یہ سن کر محمود نے اسے داد دی کہ واقعی تم ہمارے خیر خواہ ہو… اس کے بعد اس نے دوسرے وزیر کو حکم دیا اس نے بھی یہی کہا اسی طرح کئی درباریوں سے یہی کہا مگر سب نے ایک جیسا جواب دیا … اس کے بعد سلطان محمود نے حکم دیا کہ ایاز کو بلایا جائے …جب ایاز آیا تو محمود غزنوی نے اسے یہ حکم دیا کہ اس ہیرے کو پتھر پر رکھ کر توڑ دو …اس نے بلا سوچے اور بلاتوقف کئے اس ہیرے کو پتھر پر رکھ کر ہتھوڑا دے مارا اور ہیرا چور چور ہوگیا … سارے پریشان ہوگئے کہ اب اس کی موت ہے … محمود غزنوی نے اس کی طرف دیکھ کر کہا تو نے واقعی ہیرا توڑ دیا ہے؟ کیا تمہیں اس بات کا خیال نہیں آیا کہ اتنے قیمتی ہیرے کو توڑنے سے تمہارے مالک کا کتنا نقصان ہوگا؟… ایاز نے سر جھکا کر جواب دیا بادشاہ سلامت ایک لمحے کومجھے یہ خیال آیا تھا کہ یہ ہیرا بہت قیمتی ہے مگر میرے سامنے دوآپشن(Option) تھے ایک طرف یہ تھا کہ آپ کا حکم پورا کرتے ہوئے ہیرا توڑ دوں دوسری صورت یہ تھی کہ میں اپنے مالک کا حکم توڑ دوں … مجھے اپنے مالک کے حکم کے سامنے ہیرے کی کوئی قیمت نظر نہیں آئی اس لئے میں نے اپنے مالک کا قیمتی فرمان بچا کر ایک معمولی پتھر توڑ دیا ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار