

Loading content...
اس کا جواب یہ ہے کہ بعض چیزیں ایسی ہیں جن سے شرع شریف میں ممانعت نہیں ہے مگر اخلاقی طور پر انسان کیلئے اس کی ممانعت عائد ہوجاتی ہے اور یہ ممانعت معروف پر عمل کے مترادف ہوتی ہے اور امر بالمعروف ہمارے فروعات میں سے ہے اس لئے اسے بھی شرعی ممانعت کا درجہ حاصل ہوتا ہے اس کیلئے ایک مثال عرض کرتا ہوں وہ یہ ہے کہ آپ نے کسی آدمی سے ایک لاکھ روپیہ لینا ہے چاہے وہ کوئی چیز بیچنے کی وجہ سے تھا یا اس نے قرض لے رکھا تھا صورت حال جو بھی تھی آپ نے اس سے ایک لاکھ روپیہ لینا ہی تھا، ایک دن آپ کو ایک ہزار روپے کی ضرورت ہوتی ہے اور آپ اس آدمی کے دروازے پرجاتے ہیں تاکہ اس سے کہیں کہ وہ آپ کی رقم آپ کو لوٹا دے اور یہ اس پر زیادتی بھی نہیں بلکہ یہ آپ کا اپنا حق ہے اسے لینے میں شرع شریف کی کوئی ممانعت نہیں کہ آپ اپنا حق لے بھی سکتے ہیں اور جبکہ آپ یہ بھی جانتے ہوں کہ وہ یہ رقم دینے کی پوزیشن میں بھی ہے تو پھر آپ کو نہ دنیا کا کوئی قانون روک سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کا کوئی مذہب روک سکتا ہے اس لئے آپ اس آدمی سے اپنے رقم لینے کیلئے چلے جاتے ہیں، جب آپ وہاں جاکر دیکھتے ہیں تو اس کے دروازے پر اس کے جوان بیٹے کی لاش خون میں غلطان پڑی ہے اور وہ اس کے سرہانے بیٹھا رو رہا ہے اور اس کے ہمسائے اور احباب اسے دلاسہ دینے میں مصروف ہیں جب آپ یہ حالت دیکھیں گے تو آپ اس شخص سے اپنا قرضہ بھی طلب نہیں کریں گے کیونکہ اس گھر میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے اور اس حالت میں اپنے مطالبات اس کے سامنے رکھنا اخلاقی طور پر جائز نہیں اور یہ بھی معروف میں داخل ہے اگرچہ وہ آپ کا اپنا حق تھا اور شریعت کی مناہی بھی نہیں تھی، دنیا کا قانون بھی آپ کو نہیں روک سکتا تھا مگر آپ وہاں کوئی تقاضہ نہیں کریں گے اگر ہوسکے گا تو اس کی مزید امداد بھی کریں گے اور اگر اس کی امداد نہ بھی کریں گے تو اپنا قرض نہیں مانگیں گے کیونکہ اس حالت میں اس سے کسی چیز کا مطالبہ کرنا انسانیت کے خلاف ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار