

Loading content...
دوستو!… علم اور عرفان کا فرق بیان فرمانے والے فقرا کرام رضوان اللہ علیہم فرماتے ہیں کہ عرفان وہ ہوتا ہے جو حواس خمسہ کے لائی ہوئی معلومات پر مبنی ہواور علم وہ ہوتا ہے جو ماورئے حواس ہواس کی مثال یہ ہے کہ ایک آرٹسٹ اپنے سامنے کینوس (Canvas) پر سجی ہوئی تصویر کو دیکھ رہا ہے اس کے سامنے تصویر ہے اس کے رنگ ہیں کلر سکیم ہے شیڈز (Shades) ہیں وہ انہیں دیکھ رہا ہے اور ایک ایک رنگ کو پہچان رہا ہے اس تصویر کے اندر چھپے ہوئے فن کو دیکھ رہا ہے اس کی مقصدیت کو جان رہا ہے … دوسری طرف ہم دیکھتے ہیں کہ وہ آرٹسٹ خالی کینوس(Canvas) کے سامنے کھڑا ہے سامنے رنگوں کے کپ رکھے ہوئے ہیں اس کے ہاتھ میں برش ہے وہ ایک تصویر بنانے کی تیاری کر رہا ہے ابھی تصویر بنی نہیں بلکہ کینوس(Canvas) خالی ہے مگر ایک تصویر اس کے ذہن میں بن چکی ہے اور وہ اسے کینوس(Canvas) پر منتقل کرناچاہتا ہے … یہ اندر کی تصویر ہے وہ حواس خمسہ سے ماوریٰ ایک غیر مادی کینوس(Canvas) پر بنی ہوئی ہے جسے ابھی جامۂ وجود و ظہور بخشا ہی نہیں گیا … بس ان دونوں کو آپ دیکھیں کہ پہلا وہ ہے جو ایک بنی ہوئی تصویر کو حواس کی مدد سے پہچان رہا ہے دوسرا وہ ہے جو تصویر کے مادی وجود میں آنے سے پہلے جانتا اور پہچانتا ہے یہ پہلا شخص عارف کہلاتا ہے اور دوسرا شخص عالم کہلاتا ہے یعنی جو کسی چیز کا عرفان و تعارف حواس سے حاصل کرے وہ عارف ہے اور جو حواس و قویٰ کے استعمال کے بغیر اسے جامۂ وجود ملنے سے پہلے جانتا اور پہچانتا ہو وہ عالم و علیم ہوتا ہے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار