

Loading content...
حضور اکرم، سید المعظم، نور اللہ المکرم، مالک وجود و عدم، وارث کعبہ و زمزم، علت بیت اللہ والحرم، مبدہ رحمت والکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے وصال اِلٰہی کے بعد دین میں دنیا کا رنگ چھانے لگا اور ملک باطن کوفتح کرنے کی بجائے ممالک اغیار کو فتح کیا جانے لگا اور جہادِ اکبر کو ایک دم فراموش کرکے جہادِ اصغر کو مال غنیمت اور کشور کشائی کی خاطر رواج دیا گیا اور اس کے بعد تو ممالک اغیار کو فتح کرنے کی بجائے مسلمان قومیں ایک دوسرے کو فتح کرنے میں مصروف ہوگئیں اور ہمار اجو روحانی وا خلاقی حشر ہوا وہ کسی سے مخفی نہیں کیونکہ اس میں آئمہ ہدی علیہم الصلوات والسلام کو شہید کیا گیا، عرفا و صوفیا مرحلۂ دار و رسن سے گزرنے لگے ربانیین صلیبوں پر نعرہ ہائے لاھوالاھو بلند کرتے رہے اور معبودِ ہوس کے عباد اپنے معبود کی رضا کیلئے ان پر ظلم کرتے رہے، اِلٰہِ ہوا کے پجاریوں کے قلم فتوے اگلتے رہے، خدائے ہوس کے بندگانِ صادق عرفائے حق کی کھالیں کھینچتے رہے، ان کے مقدس خون سے صلیب کی لکڑیاں اور تلواروں کی زبانیں رنگین کرتے رہے اور عروس معرفت کی حنابندی کاسامان ہوتا رہا …ایک طرف وہ لوگ تھے جو ملکوں کو فتح کرتے مگر اخلاق و کردار میں ان کے مفتوح ہوتے چلے گئے دوسری طرف عارفانِ حق جو اصحاب صفہ اور آئمہ ہدی ٰ علیہم الصلوات والسلام کی صحبت سے اپنے قلوب منور کر چکے تھے وہ عرفان کی شمع جلائے رہے ان پر رہبانیت کے فتوے لگے، کفر و شرک کے الزام لگے، سزائیں ملیں، ظلم و ستم کے لاکھوں طوفان گرجتے برستے آئے مگر شمع حق جلتی رہی اور انسانیت میں سے منتخب افراد مالک حقیقی کی عبدیت و غلامی کی معراج پر فائز ہوتے رہے اور عشق کی آہنی زنجیروں میں جکڑے یہ غلامان آل محمدؐعلیہم الصلوات والسلام زندانِ دنیا سے ہمیشہ آزاد رہے اور ان کا سلسلۂ فیض ہمیشہ جاری و ساری رہا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار