

Loading content...
تین دن بعد سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مسجد نبوی میں اپنے لعل کو طلب فرمایا تاکہ اصحاب باوفا رضوان اللہ علیہم کو اپنے لعل کی زیارت کروائیں، اس دن پھر کریم کربلاعلیہ الصلوات والسلام کی مجلس ہوئی اور یہ دوسری مجلس تھی …اس میںذاکر سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تھے سامعین اصحاب کرام تھے اور آغوش میں کریم کربلا علیہ الصلوات والسلام تھے اور سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے واقعات کربلا بیان فرمائے اور فرمایا کہ ہمارا یہ لخت جگر کس طرح بے دردی سے شہید کیاجائے گا… سارے واقعات تفصیل سے سنائے اصحاب کرام گریہ فرما رہے تھے اس دوران سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے گریہ فرماتے ہوئے فرمایا کہ جو بھی ہمارے اس لعل کی اس وقت مدد کرے گا اور ان کی نصرت میں شہید ہوگا اسے ستر شہدائے بدر کا اجر ومرتبہ ملے گا بروایت دیگر ستر ہزار شہدائے بدر کا مرتبہ ملے گا…اس دن اس مقدس مجلس میں سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ایک صحابی جناب سعید احنف سلام اللہ علیہ بھی موجود تھے وہ واقعات کربلا سنتے رہے روتے رہے، جب سرور کونین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے یہ فرمایا کہ ان کی نصرت میں شہید ہونے والے کو ستر یا ستر ہزار شہدائے بدر کا درجہ ملے گا تو انہوں نے دل میں دعا کی کہ خالق مجھے ان کی نصرت کی توفیق عطا فرما اور مجھے ان کی نصرت میں شہادت عطا فرما… اس کے بعد انہوں نے دل میں عہد کرلیا کہ ہم کریم کربلاعلیہ الصلوات والسلام کی نصرت بھی کریں گے اور ان کی نصرت میں شہید بھی ہوں گے
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار