

Loading content...
وہ نوجوان ایک خنجر لے کر کریم کربلاعلیہ الصلوات والسلام کے پاس آیا جونہی کریم کربلا علیہ الصلوات والسلام کی اس پر نظر پڑی تو دیکھا یہ ایک خوبصورت جوان ہے جو خنجر لے کر ان کے قریب پہنچ چکا ہے … اس وقت کریم کربلا علیہ الصلوات والسلام نے اس کی طرف دیکھ کر فرمایا تو کیسے آیاہے؟ اس نوجوان نے عرض کیا کہ میں آپ کو شہید کرنے آیا ہوں … آپ نے فرمایا تو کتنا خوبصورت جوان ہے تو اپنی جوانی کو آتش جہنم سے بچا لے اور تو ہمارے قتل میں شرکت نہ کر… اس نے عرض کیا کہ کیا آپ شہید ہونے سے بچنا چاہتے ہیں؟ کریم کربلاعلیہ الصلوات والسلام نے فرمایا شہید ہونے سے نہیں بچنا چاہتا کیونکہ اگر تو شہید نہیں کرے گا تو کوئی دوسرا ہمیں ضرور شہید کرے گا لیکن ہم تمہیں جہنم سے بچانا چاہتے ہیں تمہاری جوانی کو آتش جہنم سے بچانا چاہتے ہیں … وہ سوچ میں پڑ گیا اور ایک لمحہ سوچنے کے بعد عرض کیا آقا کیا آپ کو اس وقت بھی ہماری نجات کی فکر لاحق ہے کیا اس انتہائی مظلومیت میں بھی آپ کو اپنی ذات سے زیادہ مجھ جیسے گنہگاروں کی فکر ہے آپ جیسا بھی کوئی محسن ہوسکتا ہے جو ایسے لمحات میں بھی دوسروں کی فکر کرنے میں لگا ہوا ہو… یہ کہہ کر وہ فوراً تائب ہوگیا اور اس نے عرض کیا کہ آقا آپ مجھ پر ایک احسان اور بھی فرمائیں اور مجھے اپنی نصرت کی اجازت عطا فرمائیں … اجازت ملی تو اس نے خنجر پھینک دیا اور نیام سے تلوار نکال لی اور تلوار سونت کر ایک نئے جذبہ کے تحت لشکر شام کے قریب آیا جوشہادت کا منظر دیکھنے کو جمع ہوچکا تھا تو عمر ابن سعد ملعون نے کہا تم نے کیوں شہید نہیں کیا تو اس جوان نے جواب دیا کہ میں نے اب حق کو پہچان لیا ہے میں نے اپنے محسن کوپہچان لیاہے اب میں انہیں شہید نہیں کروں گا بلکہ میں تجھے واصل جہنم کروں گا
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار