

Loading content...
عفیف بن زبیر جو واقعہ کربلامیں موجود تھا بیان کرتا ہے کہ یزید بن معقل ملعون عمر بن سعد ملعون کے لشکر سے باہر آیا اور اس نے ازراہ سرزنش بریر بن خضیر ہمدانی کے نام آواز دی اور کہا کہ اے بریر تو نے دیکھا کہ خدا نے تیرے عقیدہ کے بدلہ میں تیرے لیے کیا انتظام کیا ہے (یعنی اب تم کو اپنے عقیدہ کی سزا ملنے والی ہے)بریر بن خضیر ہمدانی سلام اللہ علیہ کو یہ سن کر جوش آیااور فرمانے لگے خدا نے اپنے کرم سے میرے لیے خوب انتظام فرمایا ہے اور تیرے لیے برے انجام کا انتظام کیا ہے یزید بن معقل بولا جھوٹ کہتا ہے کیا تجھے یاد ہے کہ بنی دودان کے کوچہ میں جب میں اور تو اکٹھے جارہے تھے تو تونے خلیفہ ثالث کے بارے میں کسی اچھے عقیدے کا اظہار نہیں کیا تھا بریر بن خضیر ہمدانی سلام اللہ علیہ نے جواب دیا بے شک میں گواہی دیتا ہوں کہ میرا عقیدہ اب بھی وہی ہے یزیدبن معقل ملعون نے کہا میں گواہی دیتا ہوں کہ تو جھوٹا ہے اور گمراہ ہے اور تجھے اشتباہ ہے جناب بریر بن خضیر ہمدانی سلام اللہ علیہ نے کہا آئو پھر میں اور تو مباہلہ کر لیں تاکہ خدا کی طرف سے سچے کے حق میں فیصلہ ہو جائے اور مباہلہ کی صورت یہ ہے کہ ہم نہایت عجز وزاری اور تضرع وانکساری کے ساتھ خداکے سامنے اپنی عبادت پیش کریں اور دعا مانگیں کہ وہ سچے اور جھوٹے کے درمیان فرق کر دے پھر اپنے اپنے لشکر سے جدا ہو کر دونوں لشکروں کے درمیان آجائیں اور لڑیں تاکہ دوست دشمن دیکھ لیں جو جھوٹا ہوگا وہی مقتول ہوگا …پھر جناب بریر بن خضیر ہمدانی سلام اللہ علیہ اور یزید بن معقل ملعون دونوں لشکروں کے درمیان آگئے اور ہاتھ بلند کر کے ایک دوسرے کے حق میں نفرین کی اس کے بعد آپس میں جنگ شروع کی پہلے یزید بن معقل ملعون نے پورے زور سے بریر بن خضیر ہمدانی کے سر پر تلوار کا حملہ کیا اور کہاکہ اگر لوہے کے سندان پر یہ حملہ ہوتا ہے تو وہ دو حصے ہو جاتا لیکن جناب بریر بن خضیر ہمدانی سلام اللہ علیہ پر اس کا کوئی اثر نہ ہوا پھر جناب بریر بن خضیر ہمدانی سلام اللہ علیہ نے مالک کا نام لے کر یزید بن معقل ملعون کے سر پر ضرب الراس لگائی تو اس ملعون کا خود دو ٹکڑے ہو کر زمین پر گر گیا اور تلوار نے اس کے سر کی ہڈیوں میں جا کرقیام کیا وہ گھوڑے پر سنبھل نہ سکا اور گھوڑے سے گرتے ہی اس طرح واصل جہنم ہوا کہ ابھی تلوار کی دھار اس کے سر میں تھی اور قبضہ شمشیر بریر بن خضیر ہمدانی سلام اللہ علیہ کے ہاتھ میں تھا…(طبری بحوالہ ابومخنف)
السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار